699

بہترین اداکارہ کا آسکر ایوارڈ چوری

لاس اینجلس: 90 ویں آسکر ایوارڈ کی تقریب میں بہترین اداکارہ فرانسس میکڈورمنڈ کو ملنے والا بہترین اداکارہ کا ایوارڈ تقریب سے چوری ہوگیا۔
امریکا میں سجنے والی 90 ویں آسکر ایوارڈ کی رنگا رنگ تقریب کا مزہ اس وقت کرکرا ہوگیا جب بہترین اداکارہ کا ایوارڈ چوری ہوگیا۔ یہ ایوارڈ اداکارہ فرانسس میکڈورمنڈ کو فلم ”تھری بل بورڈز آﺅٹ سائڈ ایبنگ، میسوری“کیلئے دیا گیا تھا۔ فلم میں انہوں نےایک غمزدہ ماں کا کردار ادا کیا تھا جو اپنی بیٹی کیلئے انصاف کی تلاش میں ہوتی ہے۔
میڈیا کے مطابق تقریب میں شریک ایک شخص نے فرانسس کی ٹیبل سے ایوارڈ کی ٹرافی اٹھائی اور بھاگ کھڑا ہوا، ایوارڈ چوری کی خبر نیویارک ٹائمز کی کلچرل رپورٹرکارا بکلے نے دی، جب وہ شخص بھاگ رہاتھا اس وقت وہاں موجود ایک فوٹوگرافر نے اسے روکا اور اس کے ہاتھ سے ٹرافی لے لی جس کے بعد وہ شخص غائب ہوگیا۔ دوسری جانب اداکارہ فرانسس کا کہنا ہے کہ اس شخص کو جانے دیا جائے۔
لاس اینجلس پولیس ڈیپارٹمنٹ کی ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی کہ تقریب میں شریک ٹیری برینٹ نامی شخص نے ایوارڈ چرایا تھا، لیکن اب اس شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ترجمان نے مزید کہا 47 سالہ چور کے پاس تقریب میں شرکت کا دعوت نامہ موجود تھا، تاہم اس نے ایوارڈ کیوں چرایا اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں