725

تحریک انصاف کے رہنما عبدالمنعم خان کی انتخابات میں کامیابی کالعدم قرار

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں تحریک انصاف کے رکن اور وزیراعلٰی پرویز خٹک کے مشیر برائے سیاحت عبدالمنعم خان کی 2013 کے انتخابات میں کامیابی کو کالعدم قرار دے دیا۔
سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبدالمنعم خان کے خلاف جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما شیر عالم خان کی درخواست پر سماعت کی۔
عبدالمنعم خان 2013 میں ہونے والے انتکابات میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 88 شانگلہ سے منتخب ہوئے تھے، ان کی کامیابی کو جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدوار شیر عالم خان نے چیلنج کیا تھا۔
عبدالمنعم خان پر الزام تھا کہ انہوں نے سرکاری ملازم ہونا چھپایا اور الیکشن میں حصہ لینے سے دو دن قبل ٹیچر کی ملازمت سے استعفیٰ دیا تھا، الیکشن کمیشن اپریل 2017 میں نے شیر عالم کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے عبدالمنعم کے الیکشن کو کالعدم قرار دیتے ہوئے حلقے میں دوبارہ انتخابات کا حکم دیا تھا۔
اس فیصلے کو عبدالمنعم خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا جس پر عدالت نے تکنیکی بنیادوں پر الیکشن کمیشن کے حکم کو ختم کر دیا کہ اہلیت کو براہ راست کمیشن میں چیلنج کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی الیکشن کمیشن رٹ آف کو وارنٹو پر فیصلہ دینے کا مجاز ہے۔
ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف شیر عالم خان نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی جس پر آج فیصلہ کر دیا گیا۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں عبدالمنعم خان کی انتخابات میں کامیابی کو کالعدم قرار دے دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں