448

توہین عدالت کیس میں طلال چوہدری پر فرد جرم ایک روز کیلیے ملتوی

سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں وزیرمملکت طلال چوہدری پرفرد جرم عائد کرنے کا معاملہ ایک روز کے لیے ملتوی کردیا ہے۔
سپریم کورٹ کے فاضل بینچ نے وزیرمملکت طلال چوہدری کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی، سماعت کے آغاز پروزیر مملکت کے وکیل کامران مرتضیٰ نے استدعا کی کہ فرد جرم عائد کرنے سے پہلے عدالت عظمیٰ انہیں تھوڑا سا سن لے، وہ عدالتی فیصلے فاضل بینچ کے سامنے رکھنا چاہتے ہیں۔ جس پر جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیئے ہیں کہ ہمیں تو آج فرد جرم عائد کرنی ہے، بہت وقت گذرنے کے باعث اب اسے مزید مؤخر نہیں کرسکتے۔
کامران مرتضیٰ نے کہا کہ ان کے موکل کے خلاف کیس میں کسی کے حقوق متاثرنہیں ہوئے، اگر گستاخی ہے تو عدالت کی شان میں ہے، میرے موکل نے سخت زبان استعمال نہیں کی، جس پرجسٹس مقبول باقر نے ریمارکس دیئے کہ شان کا کوئی مسئلہ نہیں، دن بدن کیس آپ کے خلاف ہوتا جا رہا ہے، کیس کی سماعت کل ہوگی۔
واضح رہے کہ وزیر مملکت طلال چوہدری پر ایک جلسے میں سپریم کورٹ کے خلاف توہین آمیز جملے کہنے کا الزام ہے۔ طلال چوہدری کے علاوہ دانیال عزیز اور نہال ہاشمی کے خلاف بھی توہین عدالت کی کارروائی جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں