ممبئی: قومی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا بھی پاکستانی ڈراموں کی دیوانی نکلیں۔
پاکستانی ڈرامے اپنے معیار اور حقیقی کہانیوں کے باعث دنیا بھر میں دیکھے اور پسند کیے جاتے ہیں۔ بھارتی عوام بھی پاکستانی ڈراموں کی شیدائی ہے۔ پاکستانی ڈراموں کو پسند کرنے والوں میں ثانیہ مرزا بھی شامل ہیں جو آج کل پاکستانی ڈراما سیریل ”میرا دل میرا دشمن“ دیکھ رہی ہیں۔
حال ہی میں ثانیہ مرزا نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا کہ وہ دن بھر کی تھکاوٹ دور کرنے کے لیے کیا کرتی ہیں۔ انہوں نے ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ ہاتھ میں کیمومائل چائے کا کپ پکڑی ہوئی ہیں، انہوں نے اسٹوری میں لکھا بیٹے کو سلانے کے بعد کیمو مائل چائے کا کپ اور ”میرا دل میرا دشمن“۔
واضح رہے کہ پاکستانی نجی چینل پر نشر ہونے والا ڈراما سیریل ”میرا دل میرا دشمن“ حال ہی میں اپنے اختتام کو پہنچا ہے ڈرامے میں علیزے شاہ، یاسر نواز اور نعمان سمیع نے مرکزی کردار ادا کیے تھے اور یہ ڈراما پاکستانی شائقین میں کافی مقبول ہوا تھا۔