جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک زندہ ہوں ڈاکوؤں اور کرپٹ ٹولے کے خلاف جنگ جاری رکھوں گا۔
جہلم میں تحریک انصاف کے کارکنوں سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ ملک میں چھوٹا طبقہ امیر اور قوم غریب ہورہی ہے۔ ملک کو قرضوں کے دلدل میں ڈبو دیا گیا ہے، 9 سال پہلے ہر پاکستانی پر 35 ہزار روپے قرضہ تھا، پھر ان 9 برسوں میں آصف زرداری اور نوازشریف کا دور آیا جس کے بعد ہر پاکستانی ایک لاکھ 30 ہزار روپے کا مقروض ہوگیا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ اوپر بیٹھے لوگ ملک کا پیسہ چوری کرکے باہر لے جاتے ہیں، قوم کی دولت چوری ہوکر جب بیرون ملک جاتی ہے تو حکومتوں کو اخراجات پورے کرنے کے لیے قرض لینا پڑتا ہے، پھر قرض کی قسطیں دینے کے لیے ٹیکس لگائے جاتے ہیں، چوری کوئی کررہا ہے اور قیمت عوام ادا کرتے ہیں۔ دنیا میں پیٹرول کی قیمت کم لیکن ہمارے ملک میں اوپر جارہی ہے، ہر چیز پر ٹیکس لگایا جارہا ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ہماری نواز شریف اور آصف زرداری سے ذاتی لڑائی نہیں، ہماری جنگ ڈاکوو¿ں اور چھوٹے سے کرپٹ ٹولے کے خلاف ہے، جب تک زندہ ہوں کرپٹ ٹولے اور ڈاکوؤں کے خلاف جنگ جاری رکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا تو کیوں نکالا ہوگیا، اب ان کی جگہ چھوٹے بھائی جونیئر ڈان باری لینے آئے ہیں۔ قوم کا پیسہ لوٹ کر ان کا خاندان اور بچے ارب پتی ہوگئے، اب نواز شریف سمجھتے ہیں ڈرامہ کرکے قوم کو دھوکا دیں گے، کیا شہبازشریف حبیب جالب کے شعر پڑھ کر ملک کو لوٹیں گے؟
بعد ازاں پنڈ دادن خان میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ملک میں مزدور اور کسان کے پاس علاج کے لیے وسائل نہیں ہیں، کسان کو اپنی فصل کی پوری قیمت نہیں ملتی، یورپ میں غریب آدمی کے بچے کو بھی مفت تعلیم ملتی ہے، وہاں انصاف کے ادارے مضبوط ہیں جو کمزور کسان کو طاقتور کے مقابلے میں انصاف دیتے ہیں، اس لیے وہ ہم سے آگے نکل گئے، برطانوی وزیراعظم منی لانڈرنگ میں پکڑا جائےتو کبھی نہیں کہے گا کہ کیوں نکالا جب کہ پاکستان میں ڈاکو کبھی صدر تو کبھی وزیراعظم بن جاتاہے۔ جوتے کوئی اور مار رہا ہے (ن) لیگ بدلہ پی ٹی آئی سے لے رہی ہے، اگر (ن) لیگ کا کوئی کارکن یہاں موجود ہے اور جوتا مارنا چاہتا ہے تو بتا دے ، میں کیچ بھی اچھا کرتا ہوں اور تھرو بھی اچھی کرتا ہوں۔