715

حساب کرو انتقام مت لو،منصف بنوحکمران نہ بنو، مریم نواز

سرگودھا: مسلم لیگ(ن) کی رہنما مریم نوازکا کہنا ہے کہ حساب کرو انتقام مت لو، منصف بنیں حکمران نہیں اور نواز شریف کے خلاف کوئی کرپشن ہے تو ثابت کریں۔
سرگودھا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں مجموعی طور پر 17 ججز ہیں جن میں سے 7 ججز نوازشریف کے خلاف مقدمات کی سماعتیں کررہے ہیں اور پاناماکیس کا 5 رکنی اسکواڈ تو ہر وقت نوازشریف کے خلاف رہتا ہے، ڈیڑھ سال سے چلنے والے مقدمے میں ابھی تک 5 روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، سابق وزیراعظم نے پاکستان میں سب سے زیادہ منصوبے لگائے، شہبازشریف اور نوازشریف نے میٹرو اور اورنج بھی بنائی، ان منصوبوں میں کوئی ایک پیسے کی کرپشن سامنے نہیں لاسکا، عوام کو نوازشریف کے اثاثے نہیں کرپشن دیکھنی ہے۔

سابق وزیراعظم کو دلوں سے نکالنے کے لیے کروڑوں ووٹرز کو بھی نااہل کرنا ہوگا، مریم نواز
مریم نوازکا کہنا تھا کہ یہ پاکستان میں کیا ہورہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کو سینیٹ انتخابات سے اٹھاکر باہر پھینک دیا گیا، کیا کبھی دیکھا ہے کہ پوری کی پوری جماعت کو الیکشن سے باہر کردیا گیا ہو، ہمیں ناصرف سینیٹ انتخابات سے باہر کیا گیا بلکہ ہم سے ہمارا انتخابی نشان شیر بھی چھین لیا گیا،آج لاڈلہ بھی کہہ رہا ہے کہ سپریم کورٹ نے نوازشریف کے خلاف کیسا فیصلہ دیا ہے، یہ مذاق جو شیر کے نشان یا نوازشریف کے ساتھ ہوا درحقیقت عوام کے ساتھ ہوا ہے، ان عقلمندوں کو سمجھائو کہ نوازشریف کو پارٹی صدارت کی ضرورت نہیں، نوازشریف کسی وزارتِ عظمیٰ یا پارٹی صدارت سے نہیں بلکہ اللہ کے کرم اور عوام کی محبت سے بنا ہے، سابق وزیراعظم کو صدارت سے ہٹانے اور دلوں سے نکالنے کے لئے کروڑوں ووٹرز کو بھی نااہل کرنا ہوگا۔

نوازشریف منصفوں کی بحالی کیلیے نکلے تو جائز اور ووٹ کے تقدس کیلیے نکلے تو غلط، رہنما ن لیگ
رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ نوازشریف نے ووٹ کی حرمت کی جنگ لڑ کر بتادیا کہ ووٹ دینے والوں کی بھی کوئی عزت ہوتی ہے، جس طرح عوام نے نوازشریف کا مقدمہ لڑا، اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ وہ بے گناہ ہیں۔ ایک وقت تھا جب منصف عوام کی عدالت میں آئے تھے اس وقت عوام قانون کے رکھوالوں کے لئے باہر نکلے تو بہت اچھی بات ہے اور اگر یہی عوام اپنے رکھوالے کے لئے نکلے ہیں تو غلط ہے، نوازشریف منصفوں کی بحالی کے لئے تحریک چلائے تو جائز اور ووٹ کے تقدس کے لئے جائے تو غلط۔

خطرناک لڑائی مت لڑو اس میں ملک کا نقصان ہے، مریم نواز
مریم نواز نے کہا کہ آئین کہتا ہے اللہ کے بعد عوام کے نمائندے حاکم ہیں، آئین میں یہ نہیں لکھا کہ منصف حاکم ہیں، قوم اداروں کی عزت کرنا چاہتی ہے اس لئے عزت سے اپنا کام کرو اور حکومت چلانا عوام پر چھوڑ دو، حساب کرو انتقام مت لو، منصف بنو حکمران مت بنو، قوم کو اپنی سیاسی لڑائیوں میں مت گھسیٹو ، خطرناک لڑائی مت لڑو اس میں ملک کا نقصان ہے۔ اس انتقام نے عوام کا نوازشریف عوام کو واپس کردیا ا اور سارے شیروں کو متحد کردیا، نوازشریف کی طاقت میں کمی نہیں بلکہ اضافہ ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں