Muhammad Nadeem Columnist and Chief Editor at Times Chicago and Toronto 926

خواتین کے ساتھ نا انصافیاں اور زیادتیاں

ہم پاکستان چھوڑ کر آگئے۔ امریکا اور کینیڈا میں برسوں سے مقیم ہیں ہم نے یہاں کی شہریت بھی حاصل کرلی۔ جو لوگ اپنی فیملیز کے ساتھ اس ملک میں مقیم ہیں ان کی اکثریت تو بہتر زندگی گزار رہی ہے البتہ بچوں کے مسائل سے کم و بیش ہر فیملیز دوچار ہے کہ یہاں آکر بچوں کے مزاج اور معاملات اکثر والدین ہینڈل نہیں کر پاتے اور یوں ہنستے بستے گھر مسائل کی آماجگاہ بن جاتے ہیں۔ اسی طرح لوگ اپنی بیگمات کو بھی اکثر ہینڈل نہیں کر پاتے اور معاملات بگڑتے چلے جاتے ہیں۔ اس کی بڑی وجہ وقت کا فقدان بھی ہے۔ یہاں کا سسٹم، آگے بڑھنے کا جنون، دولت اکٹھا کرنے کا بخار، ان تمام معاملات نے گھروں کو مشکلات سے دوچار کردیا ہے اور باہمی محبتوں میں دراڑ پڑ جاتی ہے۔ یہاں ایسے واقعات بھی دیکھنے میں آرہے ہیں کہ نوجوان جن کی فیملیز انڈیا پاکستان میں ہیں یہاں کی غیر قانونی طور پر مقیم خواتین کو لیگل کرنے کا جھانسا دے کر پھنسا لیتے ہیں اور پھر ان کی عصمتوں سے کھیلتے رہتے ہیں۔ کئی کینیڈین چند ماہ کی شادی کرکے غائب ہو جاتے ہیں اور بے چاری خواتین اپنا سب کچھ لٹا کر در بدر ہو جاتی ہیں۔ ان حلقوں میں کئی ایک ادارے موجود ہیں جو خواتین اور بچوں کی داد رسی کا بیڑا اٹھانے کا ڈرامہ رچائے ہوئے ہیں جب کہ مقصد سب کا یہی ہے کہ کسی طرح حکومت سے فنڈ حاصل کر لیا جائے یعنی آسمان سے گرا کھجور میں اٹکا کے مصداق یہ خواتین کٹی پتنگ کی طرح بے یادرومددگار بے راہ روی کا شکار ہو جاتی ہیں ان کے پاس وکیلوں کو دینے کے لئے بھاری رقوم نہیں ہوتیں اور یوں وہ قانونی چارہ جوئی کرنے سے بھی قاصر رہتی ہیں۔ ہماری مساجد کا یہ عالم ہے کہ وہ اگر دیوان ایونیو پر واقع جامع مسجد کا بھی جائزہ لیں تو وہاں کی انتظامیہ آج تک ایک مسجد تعمیر نہ کرسکی تو وہ کسی کی زندگی کی تعمیر میں کیا کردار ادا کرے گی۔ غرض یہ کہ کروڑوں ڈالرز سے خوبصورت سے خوبصورت ترین مساجد تعمیر کی جارہی ہیں تو کہیں مساجد کی انتظامیہ شدید اختلافات کے باعث جھگڑوں میں مصروف ہیں کسی کو اس بات کا ذرا بھی ادراک نہیں کہ کمیونٹی کے مسائل کیا ہیں اور ان کا سدباب کیونکر کیا جا سکتا ہے۔ لمحہ فکریہ ہے کہ وہ کوئی ایسا دردمند دل رکھنے والا نہیں کہ جو سچائی کے ساتھ آگے آ کر ان معاملات کو حل کرنے کی سنجیدہ کوشش کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں