ریکوڈک کیس: پی آئی اے کے منجمد اثاثے بحال (برٹش ورجن آئی لینڈ کی ہائی کورٹ کا ٹی تھیان کو مقدمے پر اٹھنے والے اخراجات کی ادائیگی کا حکم) 323

ریکوڈک کیس: پی آئی اے کے منجمد اثاثے بحال۔ برٹش ورجن آئی لینڈ کی ہائی کورٹ کا ٹی تھیان کو مقدمے پر اٹھنے والے اخراجات کی ادائیگی کا حکم

اسلام آباد (پاکستان ٹائمز) برٹش ورجن آئی لینڈز کی ہائی کورٹ نے ٹی تھیان کاپر کمپنی کی درخواست خارج کرتے ہوئے پی آئی اے کے روز ویلٹ ہوٹل نیویارک اور سکرائب ہوٹل پیرس سمیت منجمد اثاثے بحال کر دیئے ہیں تاہم ریکوڈک معدنیات کا ٹھیکہ ٹی تھیان کاپر کمپنی کو دینے کے بعد منسوخ کرنے پر عالمی ثالثی عدالت (انٹرنیشنل سینٹر فار سیٹلمنٹ ڈسپیوٹس) کی طرف سے پاکستان کو چھ ارب ڈالر کمپنے کو ادا کرنے کا حکم برقرار رہے گا۔ عالمی ثالثی عدالت کے فیصلے کے بعد برٹش ورجن آئی لینڈز کی ہائی کورٹ نے پی آئی اے کے اثاثے ضبط کرنے کا حکم دیا تھا جو اب واپس لے لیا گیا ہے۔ فیصلے میں ٹی تھیان کمپنی کو قانونی اخراجات بھی پاکستان کو ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ عدالتی فیصلے کے بعد روز ویلٹ ہوٹل نیویارک اور سکرائب ہوٹل پیرس میں تعینات کئے گئے ریسیور ہٹا دیئے گئے۔ واضح رہے کہ 12 جولائی 2019ءکو عالمی ثالثی عدالت نے ریکوڈک کیس میں پاکستان کو چھ ارب ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔ ٹی تھیان نے گزشتہ سال 20 نومبر کو فیصلے پر عملدرآمد کے لئے برٹش ورجن آئی لینڈ ہائی کورٹ میں پی آئی اے کے اثاثے ضبط کرنے کی درخواست دی تھی۔ عالمی ثالثی عدالت نے 17 ستمبر کو 6 ارب ڈالر ادا کرنے کا حکم پر مشروط سٹے آرڈر جاری کرتے ہوئے پاکستان سے غیر مشروط اور ناقابل تنسیخ بینک گارنٹی یا ایوارڈ کا 25 فیصد لیٹر آف کریڈٹ (ایل سی) بمعہ فیصلے کی تاریخ سے سود کی ادائیگی طلب کیا تھا۔ اس فیصلے میں کہا گیا تھا کہ اگر پاکستان 30 دن کے اندر ایسا نہیں کرتا تو اسٹے آرڈر ختم ہو جائے گا۔ پاکستان نے مقررہ تاریخ تک 25 فیصد بینک گارنٹی جمع نہیں کرائی تھی۔ منگل کو اٹارنی جنرل آف پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ریکوڈک کیس میں پی آئی اے کے خلاف تمام فیصلے واپس ہو گئے ہیں۔ یہ فیصلہ ہماری بہت بڑی فتح ہے۔ برٹش ورجن آئی لینڈ ہائی کورٹ نے پاکستان کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔ ریکوڈک عملدرآمد کیس میں پاکستان کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ برٹش ورجن آئی لینڈ کی ہائی کورٹ نے پاکستان کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے منجمد اثاثے بحال کر دیئے ہیں۔ برٹش ورجن آئی لینڈ ہائی کورٹ نے ٹی تھیان کمپنی کی درخواست خارج کرتے ہوئے اسے حکم دیا ہے کہ وہ پاکستان کے قانونی چارہ جوئی کے اخراجات بھی ادا کرے۔ عدالتی فیصلے کے بعد روز ویلٹ ہوٹل نیویارک اور سکرائب ہوٹل پیرس میں لگائے ریسیور ہٹا دیئے گئے ہیں۔ ریکوڈک کیس میں ٹی تھیان کاپر کمپنی کے حق میں فیصلے کو کالعدم قرار دیا گیا ہے۔ روز ویلٹ ہوٹل اور سکرائب ہوٹل پیرس بھی پاکستان کو واپس مل گیا ہے۔ ترجمان وزارت قانون و انصاف کا کہنا ہے کہ ریکوڈک ایوارڈ پر عمل درآمد کے لئے ٹی سی سی نامی کمپنی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کا پاکستان نے بھرپور طریقے سے دفاع کیا۔ عدالت کے فیصلے کے مطابق ٹی سی سی کمپنی کو مقدمہ کے تمام اخراجات برداشت کرنا ہوں گے۔ وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم اور اٹارنی جنرل خالد جاوید خان کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر ایئر مارشل (ر) ارشد ملک نے کہا ہے کہ اللہ کے فضل و کرم اور محب وطن پاکستانیوں کی دعاﺅں، پی آئی اے کی قانونی ٹیم، وفاقی وزیر قانون، اٹارنی جنرل آف پاکستان اور مخلص اداروں کی ان تھک محنت سے یہ عظیم کامیابی نصیب ہوئی ہے۔ اس فیصلے سے پی آئی اے کے قیمتی اثاثے محفوظ ہو گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں