749

زرین خان زیادتی کی دھمکی دینے والے شخص پر برس پڑیں

ممبئی: نامور بالی ووڈ اداکارہ زرین خان سوشل میڈیا پر اپنے بارے میں نازیبا تبصرہ کرنے والے مداح پر برس پڑیں یہاں تک کہ اسے تھپڑ مارنے کی دھمکی بھی دے دی۔
اداکار سلمان خان کے ساتھ فلم ”ویر“ کے ذریعے بالی ووڈ میں ڈیبیو کرنے والی نامور اداکارہ زرین خان کا کیریئر ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار ہے، دیگر اداکارائوں کے مقابلے میں زرین خان کا وزن تھوڑا زیادہ ہے لہٰذا ان کے وزن کو بھی ان کے کیریئر میں رکاوٹ قرار دیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپنے کیریئر کو جاری رکھنے کے لیے بولڈ کردار ادا کیے جس کے باعث کئی بار انہیں سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا جب کہ کئی صارفین نے ان کے لیے نازیبا تبصرے بھی کیے۔
سوشل میڈیا پر فنکاروں کو صارفین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے جسے ”ٹرول“ کہا جاتا ہے، ٹرول کا شکارعام طور پر اداکارائیں بنتی ہیں جنہیں صارفین کی جانب سے مختصر لباس پہننے کے ساتھ مختلف وجوہات کی بنا پر مذاق کا نشانہ بنایا جاتا ہے کئی بار تو یہ تبصرے اتنے نازیبا ہوتے ہیں کہ ان سے اداکارائوں کو شدید تکلیف پہنچتی ہے۔ اسی حوالے سے بھارتی ٹی وی پر نیا شو”ٹرول پولیس“ شروع کیا جارہا ہے جس میں ان تمام لوگوں کو مدعو کیا جائے گا جو سوشل میڈیا پر فنکاروں کی نجی زندگی سے متعلق نازیبا تبصرے کرتے ہیں۔
حال ہی میں اس شو کا پرومو ریلیز کیا گیا ہے جس میں اداکارہ زرین خان اپنے بارے میں تبصرہ (کمنٹ) کرنے والے شخص کو کھری کھری سناتی نظر آرہی ہیں۔ دراصل جنوری میں سوشل میڈیا پر ایک شخص نے زرین خان کو زیادتی کی دھمکی دی تھی بعدازاں اس شخص کو اس شو میں بلالیا گیا۔ اپنے سامنے اس شخص کو دیکھ کر زرین جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور اسے کھری کھری سناتے ہوئے کہا تم کون ہو، کون پہچانتا ہے تمہیں، تمہیں ڈاکٹر کی ضرورت ہے۔
زرین خان کو اس شخص پر اتنا شدید غصہ آیا کہ انہوں نے شو کے دوران ہی اسے تھپڑ مارنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ میرا ہاتھ تمہارے منہ سے بڑا ہے اگر میں نے تمہیں تھپڑ مارا تو تمہارا جبڑا ٹوٹ کر نیچے گر جائے گا۔ بعد ازاں زرین خان غصے میں وہاں سے چلی گئیں۔


زرین خان نے شو کے پرومو کی مختصر ویڈیو اپنے انسٹا گرام اکائونٹ پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اگر آپ مجھے کچھ کہنا چاہتے ہیں تو میرے منہ پر کہیں، ہجوم کے پیچھے یوزر نام کو استعمال کرتے ہوئے کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں