دنیا بھر میں 25 ستمبر کا دن ورلڈ فارماسٹس ڈے کے طور پر اس لئے منایا جاتا ہے کہ فارماسٹس کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ اس بات کی اہمیت کو محسوس کیا جائے کہ دنیا میں انسانوں کی صحت و تندرستی کے لئے ایک فارماسٹس کیا کردار ادا کرتا ہے۔ حال 2020ءمیں بھی یہ دن بڑی شان و شوکت سے منایا گیا اور دنیا بھر کے فارماسٹس کو ان کی خدمات کے اعتراف میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس بات کی اہمیت کو بھی سمجھا گیا کہ کسی بھی مرض کی دوا کو ماہرانہ طریقہ سے سمجھتے ہوئے اس کے استعمال سے متعلق مریض کو مکمل آگاہی دی جائے تاکہ مریض نہ صرف صحیح دوا خرید سکے بلکہ اس کے استعمال سے بھی بھرپور طریقہ سے آگاہ ہو۔ گزشتہ سال 2019ءکا ورلڈ فارماسٹس ڈے منانے کا مقصد تھا۔ دواﺅں کے صحیح استعمال کے ذریعہ مریض کو مستقبل میں ہونے والے نقصانات سے بچانا جب کہ سال 2018ءمیں یہی دن منانے کا مقصد رکھا گیا تھا کہ فارماسٹس ایک ذمہ دار شخص ہوتا ہے جو ڈاکٹرز اور مریض کے درمیان ایک پل کا درجہ رکھتا ہے اور ایک با اعتماد کردار ادا کرتا ہے اور اپنی صلاحیتوں کے ذریعہ صحیح اور بروقت دوا کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے اور دوا کے استعمال سے متعلق مکمل اطلاع مریض کو فراہم کرتا ہے۔ اس دن کے موقع پر FIP کے صدر ڈومنک جارڈن کا کہنا تھا کہ فارماسٹس کا کام نہایت اہم ہے کہ وہ اپنی مہارت سے مریض کو دوا سے ہونے والے نقصانات اور اس کے اثرات کی مکمل آگاہی دیتا ہے۔ واضح رہے کہ ورلڈ فارماسٹس ڈے منانے کا آغاز انٹرنیشنل فارماسٹس فیڈریشن نے ورلڈ کانگریس آف فارمیسی اور فارماسیوٹیکل سائنس استنبول ترکی میں 2009ءمیں کیا۔ اس دن کے لئے 25 ستمبر کا روز یوں مقرر کیا گیا کہ اس روز سال 1912ءمیں یہ تنظیم FIP معرض وجود میں آئی اور تنظیم کے قیام کا مقصد یہی رکھا گیا کہ دنیا بھر کام کرنے والے فارماسٹس کی حوصلہ افزائی کی جا سکے تاکہ وہ اپنے کام کو مزید شوق اور ولولے سے سر انجام دے سکیں۔ FIP دنیا بھر کے ڈاکٹرز اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ساتھ مل کر انسانیت کی صحت کے لئے کوشاں ہے۔ FIP کے 144 ممبرز ہیں جو دنیا بھر کے 4 ملین ڈاکٹرز اور سائنٹسٹ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ فارماسٹس فارمیسی کے شعبہ میں ڈگری رکھتا ہے اور دواﺅں کی افادیت اور ان کے فارمولے سے آگاہی اور مریضوں سے ان کے فوائد اور اثرات کی مد میں معلومات پہنچاتا ہے۔
543