تیری نظر پہ چھوڑا ہے فیصلہ 498

سب سے پہلے ہی گردن ہماری کٹی

اس تباہ حال کراچی کے عوام کی حالت موجودہ سیلاب کے بعد سب کے سامنے کھل کر سامنے آچکی ہے۔ کراچی کے عوام اپنی تباہ حالی کا الزام کس کو دیں، کس سے فریاد کریں، وہ جو اپنے بن کر آئے، انہوں نے بھی ان عوام کے لئے سوائے نعرے لگانے کے کچھ نہیں کیا جو غیر تھے انہوں نے وہی سلوک کراچی والوں کے ساتھ کیا جو دشمن ملک کی فوج کسی علاقے کو فتح کرکے مال غنیمت لوٹ کر وہاں کے عوام کو تاراج کرتی ہے انہوںنے وہی طریقے اختیار کیا جو کمپنی کی حکومتی نے ہندوستان میں اپنی حاکمیت قائم کرنے کے بعد وہاں کے وسائل کو اپنے آبائی علاقوں میں منتقل کرکے باہر سے اپنے لوگوں کو حاکم بنا کر عوام کے سروں پر مسلط کیا جنہوں نے کراچی کے عوام پر بھی وہ ہی طریقے اختیار کئے جو کمپنی کے حاکموں نے عوام کو اپنے زیر تسلط رکھنے کے لئے اختیار کئے۔
عمران خان کی حکومت کراچی کے عوام پر ظلم و ستم رکوانے میں ناکام ہو چکی ہے اب سب کی نگاہیں عدلیہ اور عسکری قوتوں پر لگی ہوئی ہیں کہ وہ ایسے طریقے اختیار کریں کہ کراچی کے عوام کو کچھ دن تک سکھ کی گھڑی میسر آ سکے۔ فوج نے آپریشن کرکے کراچی کے نمائندوں کو بے اثر بنایا تو اس کے بعد کراچی میں امن و امان قائم کرنے کے بعد خود ایک طرف ہو گئے اور تمام اختیارات سندھ کے حکمرانوں کے حوالے کر دیئے جس نتیجہ یہ نکلا کہ انہوں نے صوبے میں اندھا دھند لوٹ مچائی، نہ سندھ کے عوام کو کچھ دیا نہ ہی کراچی کے عوام کو۔ اور اس لوٹ مار کا مال لانچوں میں بھر بھر کے غیر ملک کی اپنی تجوریوں میں بھر دیا۔ اب عدلیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ کراچی میں مقامی حکومتوں کے اختیارات بحال کریں اور عسکری حکام اس لوٹ مار کو روکیں۔ استاد قمر جلالوی کا ایک شعر ہے کہ
گلستان کو جب لہو کی ضرورت پڑی
تو سب سے پہلی ہی گردن ہماری کٹی
پھر بھی کہتے ہیں مجھ سے یہ اہل چمن
یہ چمن ہے ہمارا، تمہارا نہیں
ہندوستان سے ہجرت کے بعد سنا ہے کہ استاد قمر جلالوی کے بارے میں یہ کہا جاتا تھا کہ وہ لالوکھیت میں ایک سائیکل کی دکان پر پنچر لگا کر اپنی روزی روٹی پوری کرتے تھے۔ موجودہ زمانے میں قائد اعظم کی اولادوں کو کراچی کی بسوں میں سفر کرتے ہوئے میڈیا میں کئی بار دکھایا گیا ہے اس ہی طرح معروف شاعر حبیب جالب کے بیٹے کو مرغی کی دوکان پر اس کا گوشت فروخت کرتے ہوئے دکھایا گیا۔ پاکستان سے محبت کرنے والے قیام پاکستان سے ہی محرومیوں کے شکار ہونا شروع ہوئے۔ آہستہ آہستہ یہ لوگ زندگی کے ہر شعبہ میں محرومیوں کا شکار ہوتے رہے مگر پاکستان کی محبت کی خاطر اس کے لئے ہر طرح کی قربانیاں بھی دیتے رہے۔
مٹی کی محبت میں ہم آشفتہ سروں نے
وہ قرض بھی چکائے جو واجب ہی نہ تھے
ابتدائ میں انہوں نے بے غرضی سے پاکستان کی تعمیر ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ مگر جب ان کو ہر شعبہ ہائے زندگی سے فارغ کر دیا تو وہ خاموش رہ کر بھی پاکستان کی محبت کو اپنے دل میں بسائے ملک و قوم کی سربلندی کے لئے انفرادی طور پر برسر پیکار رہے۔ پاکستان سے محبت کرنے والوں نے اس فیصلہ کو خندہ پیشانی سے قبول کیا۔ جب دارالحکومت کو ان کے شہر سے دور کرکے اسلام آباد منتقل کیا گیا۔ یہ اپنے دل میں اسلام پاکستان اور اس کی فوج کے سب سے بڑے حامی رہے۔ اس کے باوجود ان کے ساتھ زیادتیوں کا سلسلہ نہ صرف جاری رہا بلکہ وقت کے ساتھ ساتھ اس میں اضافہ ہی ہوتا رہا۔ جب ان کو دیوار سے لگا کر کراچی میں فاطمہ جناح کو کامیاب کروانے کے جرم کی سزا دی گئی تو بھی یہ پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے انہوں نے پاکستان کی محبت یں اپنے ان بنگالی دیرینا ساتھیوں کا جنہوں نے ان کے ساتھ پاکستان کی تحریک میں صف اوّل میں حصہ لیا مگر جب انہوں نے مشرقی پاکستان میں پاکستان کے خلاف تحریک چلا کر بنگلہ دیش کا قیام عمل میں لائے تو انہوں نے اپنے ان بنگالی ساتھیوں کی مخالفت کیا ور پاکستان سے محبت کا ثبوت اس طرح پیش کیا کہ تقریباً ساٹھ سال سے بنگلہ دیش کے کیمپوں میں پاکستان کا جھنڈا لہرا کر پاکستان سے وفاداری کی سزا بھگت رہے ہیں۔ مگر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا رہے ہیں جب بھٹو صاحب نے جب سندھ میں لسانی بل لا کر اردو زبان کی اہمیت کو کم کرنے کی کوشش کی تو بھی یہ پاکستان کی محبت میں سرشار رہے۔ مگر ان میں کوٹہ سسٹم کے خلاف غصہ برقرار رہا وہ ہر ان جماعتوں کو اس امید پر ووٹ دے کر اپنے اپنے علاقوں سے منتخب کروا کر اسمبلیوں میں بھیجتے رہے مگر کوئی جماعت بھی ان کی محرومیوں کو زبان تک دینے کو تیار نہ تھی۔ جب الطاف حسین نے ان کی محرومیوں کو زبان دے کر ان کو یہ یقین دلایا کہ وہ ان کے چھینے ہوئے حقوق واپس دلائیں گے وہ تقریباً تیس سال تک الطاف حسین کو ووٹ سپورٹ نوٹ اور خون دیتے رہے مگر ان کے حقوق ان کو نہیں حاصل ہو سکے۔ مسلسل تیس سال تک ان کی محرومیوں میں اضافہ ہی ہوتا رہا۔ وہ الطاف حسین کو صرف اس بنیاد پر سپورٹ کرتے رہے کہ وہ ان کے حقوق کے پاسبان ہیں۔ وہ مسلسل الطاف حسین کو اس وجہ سے سپورٹ کرتے رہے کہ انہوں نے ان کی محرومیوں کا مداوا تو نہیں کر سکے مگر کم از کم ان کے حقوق کا نعرہ بلند کیا۔ یہ ہی وجہ تھی الطاف حسین نے جب بھی ان سے کچھ طلب کیا یہ دام درم سخن کے ساتھ ووٹ نوٹ اور جانیں تک نچھاور کرتے رہے مگر ان کی محرومیاں اپنی جگہ قائم و دائم رہیں۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ ملک کی سیاسی میں سب سے بڑا کردار اسٹیبلشمنٹ کا بھی رہا ہے۔ بھٹو کی پھانسی کے بعد سے ایم آر ڈی کی تحریک شروع ہوئی اور جب پی آئی اے کے طیارے کو اغوائ کرکے کابل پہنچایا گیا تو اس کا الزام بھٹو صاحب کے صاحبزادے مرتضیٰ بھٹو پر لگایا گیا۔ اس ملک میں پیپلزپارٹی کے خلاف مختلف قوتوں کو کھڑا کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا۔ کہتے ہیں کہ کراچی میں یہ کردار الطاف حسین کو دیا گیا جنہوں نے مہاجروں کے حقوق کے نام سے ایک تنظیم بنائی جس کو مہاجر قومی موومنٹ کا نام دیا گیا۔ مہاجروں کی محرومیوں نے اور اسٹیبلشمنٹ کے کردار نے ایم کیو ایم کو وجود دلایا۔ اس کے باوجود مگر پاکستان سے محبت ان کے دل سے کوئی دور نہیں کر سکا۔ یہ حقیقت ہے جب بھی پاکستان کے مختلف حصوں میں محرومیاں بڑھیں تو ہر حصہ کے لوگوں نے تنگ آکر پاکستان مخالف راہ اختیار کرنے کی کوششیں کیں۔ کہیں ان کو کامیابی حاصل ہوئی جیسا کہ بنگالی مسلمانوں نے جب اپنی محرومیوں کا ذمہ دار پاکستان کی اشرافیہ یا اسٹیبلشمنٹ کو سمجھا تو مجبوراً علیحدگی کی تحریک چلا کر بنگلہ دیش کا قیام عمل میں لے آئے اس ہی طرح سندھ میں جی ام سید کی سربراہی سندھو دیش کی آوازیں اٹھنے لگیں۔ صوبہ سرحد میں پختون ذملے کی تحریک میں بھی پاکستان مخالف رویہ اختیار کیا گیا۔ بلوچستان میں تو قیام پاکستان سے اب تک کئی مرتبہ مختلف فوجی حکمرانی سمیت سیاسی حکمران کے دور میں بہت سے آپریشن کے ذریعہ پاکستان مخالف تحریکوں کے خلاف کارروائی کی گئی مگر کراچی حیدرآباد سندھ کے مختلف شہروں میں رہنے والے مہاجرین نے پاکستان سے اپنی محبت کا مظاہرہ کرتے رہے اس کے باوجود ان کے سب سے محبوب رہنما الطاف حسین نے جب پاکستان کے خلاف نعرے بازی کی تو مہاجرین اپنے ساتھ گزشتہ ساٹھ ستر سال کی محرومیوں کو بھلا کر ان کے اس عمل کی مخالفت پر مجبور ہو گئے۔ ان مہاجرین کے جذبہ حب الوطنی کی قدر کرنے کے بجائے ان پر مستقل شک و شبہ کا اظہار کیا جانے لگا۔ ان کے اس تاثر کو کہ ان کے ساتھ تعصب کا مستقل رویہ اختیار کیا جارہا ہے، موجودہ دور میں اور مزید تقویت پہنچائی جارہی ہے، کوئی بھی ان کے زخموں پر مرہم رکھنے کو تیار نہیں۔ کوئی بھی حکمراں ان کے سر پر ہاتھ رکھنے کو تیار نہیں، ان حکمرانوں میں فوجی حکمراں ہوں یا سیاسی حکمراں، جن میں آصف علی زرداری، میاں نواز شریف یا عمران خان بھی شامل ہیں۔
کوئی تو ہو میری وحشتوں کا ساتھی ہو
کوئی تو ہو جو ان کے خلاف ناروا سلوک کے خلاف آواز بلند کرے، کوئی تو ہو جو ان زخموں پر مرہم رکھے، کوئی تو ہو جو ان کے سر پر ہاتھ رکھے۔ کسی کو تو ان پر رحم آئے۔
یہ دور اپنے براہیم کی تلاش میں ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں