بولی وڈ اسٹار سلمان خان اجازت کے بغیر فلم کا نام استعمال کرنے پر کنگنا رناوت اور فلمساز ایکتا کپور سے ناراض ہوگئے۔
سلمان خان کی 2017 میں ریلیز ہونے والی اپنی فلم ’ٹیوب لائٹ‘ کے لیے پہلے ’مینٹل‘ نام کی رجسٹریشن حاصل کر رکھی تھی لیکن انہوں نے بعد میں فلم کا نام ’ٹیوب لائٹ‘ استعمال کیا۔
اداکارہ کنگنا رناوت نے اپنی فلم کا نام ’مینٹل‘ تجویز کیا تھا جس کے لیے انہوں نے فلم ایسوسی ایشن سے اجازت کے لیے درخواست دی تو انہیں علم ہوا کہ یہ نام سلمان خان فلمز کے نام پر رجسٹرڈ ہے جس پر انہیں سلو میاں سے رابطہ کرنے کا کہا گیا۔
اداکارہ نے ابتدا میں فلم کے نام کے لیے سلمان خان سے مدد لینے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اب انہوں نے سلو میاں کی اجازت کے بغیر ہی نام استعمال کرکے ان کی ناراضی مول لے لی ہے۔