753

سندھ حکومت نے ضبط شدہ بے نامی جائیدادیں بلوچستان کے حوالے کردیں

کوئٹہ: حکومت سندھ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے ڈی ایچ اے کراچی میں نشاندہی اور ضبط کی گئی زمینوں کی ملکیت حکومت بلوچستان کو منتقل کردیں۔
نیب بلوچستان کے حکام کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ منتقل کی گئی زمینوں میں 1 ارب 25 کروڑ روپے کے پلاٹ اور بنگلے بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ سندھ حکومت اور نیب نے بدعنوانی کیسز میں کچھ ملزمان کی بے نامی زمینوں کی نشاندہی کی تھی۔
اس حوالے سے تحقیقات کاروں کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان نے غیر قانونی جائیدادیں بنائی جن میں مہنگے ترین گھر بھی شامل تھے جبکہ ان لوگوں نے کراچی میں تجارتی اور رہائشی پلاٹس بھی خریدے تھے۔
نیب حکام کا کہنا تھا کہ تحقیقاتی افسر شعیب شیخ نے خریداروں کی نشاندہی کی تھی اور یہ زمینیں سندھ اور بلوچستان کے دور دراز علاقوں کے رہائشیوں کے نام پر خریدی گئیں تھیں۔
خیال رہے کہ مئی 2016 میں نیب نے بلوچستان کے سابق سیکریٹری خزانہ مشتاق احمد رئیسانی کی سرکاری رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا اور انہیں گرفتار کرکے 63 کروڑ روپے نقد اور لاکھوں روپے مالیت کے سونے کے زیورات برآمد کیے تھے۔
بعد ازاں چیئرمین نیب کے حکم پر ڈپٹی ڈائریکٹر شعیب شیخ کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنائی گئی تھی، جسے غیر قانونی زمینوں کے مالکان کو تلاش کرنے کا کام دیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں