643

سینیٹ الیکشن میں (ن) لیگ کوانتخابی نشان سے محروم کرنا دھاندلی ہے، رانا ثناءاللہ

لاہور: پنجاب کے وزیرقانون رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کواس کی انتخابی شناخت سے محروم کرنا قبل ازوقت دھاندلی ہے۔
لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب کے وزیرقانون رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ ہماری جماعت ہے اورنوازشریف ہمارے قائد ہیں، مسلم لیگ (ن) کوبے نام ونشان کرنے کی خواہش کرنے والے خود بے نام ونشان ہوں گے جب کہ مسلم لیگ (ن) کو اسکی انتخابی شناخت سے محروم کرنا قبل ازوقت دھاندلی ہے۔
رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ آج کا سینیٹ الیکشن تین مارچ کے سینٹ کے الیکشن کی ریہرسیل ہوگی، نتائج سے تین مارچ کے نتائج کا بھی پتہ چل جائے گا، ہمیں پورا یقین ہے پنجاب میں ساری سیٹیں (ن) لیگ ہی جیتے گی جب کہ کامیاب قرار پانے والے (ن) لیگی امیدوار کا آزادی گلے سے اتر کر نواز شریف کی غلامی کا اعلان کریں گے۔
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ ملک میں کنٹرولڈ جمہوریت نہیں عوامی جمہوریت چلے گی، چیئرمین نیب اپنی نیک نامی کو برقراررکھتے ہوئے نیب کی طاقت کے غلط استعمال کوروکیں، عام انتخابات قریب ہیں، چیئرمین نیب کونیب کے معاملات پرنظررکھنی چاہئے، ہم نے کبھی نہیں کہا کہ احتساب کا عمل رک جانا چاہئے اورہم نیب کا احترام کرتے ہیں لیکن ریفرنسز دائر کرنے کا ایک طریقہ کارہوتا ہے۔
رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ جھوٹ بولنا عمران خان کا وطیرہ بن چکا ہے، وہ اپنی گھٹیا حرکتیں چھپانے کیلئے الزام تراشی کرتے رہتے ہیں، زبیرگل یا شاہین بٹ کے خلاف کوئی چیزہے توسامنے لائیں اور مجھے پتہ ہے عمران خان کو کہاں سے چٹ آئی ہے، جو چٹ آتی ہے ویسا ہی بولنا شروع ہوجاتے ہیں جب کہ کچھ قوتیں نیب کو اپنے مذموں مقاصد کیلئے استعمال کرنا چاہتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں