شکاگو (رپورٹ: جمال صدیقی) ہر سال کی طرح اس سال بھی پاکستانی قونصلیٹ شکاگو کی جانب جشن آزادی کی مختصر سی تقریب کا اہتمام ڈیلی سینٹر ڈاﺅن ٹاﺅن شکاگو میں ہوا۔ یوں تو ہر سال یہ تقریب 14 اگست والے دن ہی ہوتی ہے لیکن پہلی مرتبہ 13 اگست کو یہ تقریب ہوئی۔ تقریب کا آغاز اللہ تعالیٰ کے بابرکت نام سے ہوا۔ تلاوت قرآن کے بعد پاکستان کے جھنڈے کو بلندی پر لہرانے کی تقریب قونصل جنرل جناب طارق کریم صاحب کے ہاتھوں انجام پائی۔ اس تقریب میں بڑی تعداد میں شکاگو میں بسنے والے پاکستانیوں کے علاوہ امریکن اور دنیا کے مختلف ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔ سٹی آف شکاگو کے کئی اہم عہدیداروں نے شرکت کی اور میئر شکاگو، اٹارنی جنرل کے نمائندوں کے علاوہ کانگریس مین اور سینیٹرز بھی تشریف لائے۔ شکاگو کے مشہور گلوکار آصف صدیقی نے اپنے خوبصورت قومی نغموں سے شراکین کے روح و قلب کی آبیاری کی۔ آصف صدیقی قونصل جنرل جناب طارق کریم کی خصوصی دعوت پر اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کے لئے تشرف لائے تھے۔ قونصل جنرل جناب طارق کریم نے امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کی اپنے ملک کے لئے خدمات کو اور محنت اور عزم سے کام کرنے کے علاوہ پاکستان کے لئے ہر طریقے سے محبت کے اظہار کو بہت سراہا۔ قائد اعظم کے نظریات اور پاکستان کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ پاکستان کی معاشی، سماجی اور معاشرتی زندگی پر روشنی ڈالی۔ اس کے علاوہ انہوں نے کشمیر میں انڈیا کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو سراہا۔ موجودہ حکومت کی پاکستان کو ترقی کی راہ پر لانے کی جدوجہد کے بارے میں بتایا کہ موجودہ حکومت کا سب سے اہم کام معیشت کو مضبوط کرنا ہے۔ انہوں نے غیر ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے لئے مختلف پروگرام جو گورنمنٹ کی ابتدائی لسٹ پر ہیں ان کو واضح کیا۔ جس میں روشن ڈیجیٹل اکاﺅنٹ اور نیا پاکستان سرٹیفکیٹ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملک میں مقیم پاکستانیوں کے لئے پاکستان میں کاروبار کے مواقع موجود ہیں اور حکومت ان کو ہر طرح کی سہولیات دینے کا عزم رکھتی ہے۔ اس کے علاوہ امریکہ اور پاکستان ایک اچھے دوستوں کی طرح تجارت وسیع کرسکتے ہیں اور ایک دوسرے کے تجارتی مفاد میں قدم آگے بڑھا سکتے ہیں۔ تقریب سے دوسرے شرکاءنے بھی خطاب کیا اور پاکستانیوں کو جشن آزادی کی مبارکباد دی۔
374