539

شکاگو کی ہر دلعزیز شخصیت خان لطیف خان رحلت فرما گئے (انا للہ و انا الیہ راجعون)

کمیونٹی کو نہایت دُکھ کے ساتھ مطلع کیا جاتا ہے کہ حیدرآباد دکن کی مشہور و معروف شخصیت، ممتاز این آر آئی ایڈیٹر انچیف روزنامہ منصف و چیئرمین سلطان العلوم ایجوکیشنل سوسائٹی خان لطیف خان کا امریکہ کے شہر شکاگو میں حرکت قلب بند ہونے کے سبب انتقال ہو گیا۔ مرحوم کی نماز جنازہ مسلم کمیونٹی سینٹر شکاگو میں ہزاروں سوگواروں نے ادا کی جہاں ہر آنکھ اشکبار تھی اور انہیں شکاگو مسلم قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ واضح رہے کہ مرحوم خان لطیف خان ہندوستان سے دو ہفتہ قبل واپس شکاگو پہنچے تھے اور واپسی پر طبیعت سنبھل نہ سکی اور مختصر علالت کے بعد دل کا دورہ پڑنے کے سبب دار فانی سے کوچ کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیلی اور لوگ رات گئے تک کالیں کرکے اس خبر کی تصدیق کرتے رہے۔ مرحوم کے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے وسیم محمد خان اور ڈاکٹر اسلم خان اور چار دختران شامل ہیں۔ پاکستان ٹائمز کی انتظامیہ مرحوم کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتی ہے اور دعاگو ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے، آمین۔ خان لطیف خان کے انتقال پر منیر بورزائی اور ان کے برادران نے اظہار تعزیت کیا۔ واضح رہے کہ بورزائی فیملی شکاگو اور ٹورنٹو میں غریب نواز ریسٹورنٹس کے مالکان ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ خان لطیف خان کے انتقال سے حیدرآبادی کمیونٹی میں پیدا ہونے والا خلاءکبھی پورا نہیں ہو سکتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں