779

عمران خان نے الیکشن کمیشن کی تنبیہ نظرانداز کردی

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے الیکشن کمیشن کی تنبیہ نظر انداز کردی اور قومی اسمبلی کے حلقہ 154 لودھراں میں ضمنی الیکشن سے پہلے خطاب کردیا۔
الیکشن کمیشن نے عمران خان کے نام خط میں پی ٹی آئی چیئرمین کو لودھراں میں جلسے سے خطاب کرنے سے روک دیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے عمران خان سے کہا تھاکہ 12فروری کو حلقے میں ضمنی انتخاب ہے، ضابطہ اخلاق کے تحت رکن قومی اسمبلی حلقے میں جلسہ نہیں کرسکتا۔
عمران خان کا جلسے سے خطاب میں کہناتھاکہ ملک پر قابض مافیا کیخلاف 21سال سے سیاست نہیں جدوجہد کررہا ہوں، جہانگیرترین سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا سیاستد ان ہے ،اس کا معاملہ شریفوں اور زرداری جیسا نہیں۔
ان کا کہناتھاکہ جہانگیر ترین نے نہ منی لانڈرنگ کی اور نہ کرپشن،کاشت کاروں کو پوری قیمت دیتے ہیں،عدالت جو فیصلہ کرے گی ہم قبول کریں گے،ہم یہ نہیں کہیں گے کہ کیوں نکالا۔
عمران خان نے الزام عائد کیا کہ شہبازشریف کے دور حکومت میں پولیس نے 870 قتل کیے،عامر باکسر نے بیان دیا ہے کہ وہ شہباز شریف کے کہنے پر قتل کرتا تھا،میں چیف جسٹس سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ ماورائے عدالت قتل پر کمیشن بنائے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھاکہ حسن شریف600 کروڑ روپے کے گھر میں رہتا ہے، شریف برادران اکیلے چوری نہیں کرتے ،اپنے وزیر بھی ملالیتے ہیں، خواجہ سعد رفیق اور خواجہ آصف بھی چوری میں ملے ہیں۔
عمران خان نے مزید کہا کہ حکمران چوری کرتے ہیں اور جواب نیب سے مانگتے ہیں، نوازشریف کی باری تو آچکی ،شہباز شریف سن لو تم ایک فرعون ہو ،تمہارا وقت آگیا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے شریف خاندان پر مزید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب ایک ملک کے وزیر اعظم سے پوچھا کہ کیسے پیسا باہر گیا تو وہ قطری خط لے آیا۔
ان کا مزید کہناتھاکہ ن لیگ کے بیورو کریٹس بھی پیسے بنارہے ہیں،ملتان میٹرو میں چوری سے متعلق شہبازشریف سے چیئرمین نیب نے پوچھا،لیکن انہوں نے تعاون نہیں کیا۔
عمران خان نے کہا کہ نیب کوپنجاب حکومت جواب نہیں دےرہی جبکہ نواز شریف کے بیٹے اب پاکستانی اداروں کو جواب نہیں دے رہے، حسن اور حسین نواز کہتے ہیں کہ وہ پاکستانی شہری نہیں ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہاکہ ن لیگ کی حکومت ہے ،خاقان عباسی تمھیں شرم نہیں آتی کہ نواز شریف روز کہتا ہے کہ میں ہوتا تو ملک کے لیے بہت کچھ کرتا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ جب ہم نے پاناما کیس اٹھایا تو ن لیگ نے مجھے اور جہانگیر ترین کو بلیک میل کرنے کے لئے کئی کیسز بنائے۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی نااہلی کے بعد قومی اسمبلی کے نشست این اے 154 خالی ہوئی تھی جس پر ان کے صاحبزادے علی ترین پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں