عمران خان چیئرمین تحریک انصاف نہیں رہے، بیرسٹر گوہر چیئرمین نامزد 124

عمران خان چیئرمین تحریک انصاف نہیں رہے، بیرسٹر گوہر چیئرمین نامزد

اسلام آباد (پاکستان ٹائمز) عمران خان پاکستان تحریک انصاف کی چیئرمین شپ سے مستعفی ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کی موجودگی سے انٹرا پارٹی الیکشن میں الیکشن کمیشن کو کسی قسم کے اعتراض کا موقع ملے۔ انہوں نے بیرسٹر گوہر خان کو پارٹی کا چیئرمین نامزد کیا ہے جو دو روز بعد ہونے والے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن میں اعتماد کا ووٹ لیں گے۔ نامزد چیئرمین کا کہنا ہے کہ ہمارا نظریہ وہی ہے جو عمران خان کا ہے۔ ان کی با عزت واپسی تک ذمہ داریاں نبھاتا رہوں گا۔ ہماری اور عمران خان کی جدوجہد میں کوئی فرق نہیں ہوگا۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ تمام فیصلے کسی ڈیل کے نتیجے میں کئے گئے ہیں۔ عمران خان نے دوبارہ ایک یوٹرن مارا ہے اور بیان دیا ہے کہ فوج کے خلاف بیانات دینے سے گریز کیا جائے۔ ان کا یہ بیان ان کے تمام سابقہ بیانات کی نفی کرتا دکھائی دیتا ہے اور کیونکہ فوج مخالف بیانیے نے ہی ان کی شہرت کو آسمان کی بلندیوں تک پہنچایا تھا۔ اب پارٹی کی چیئرمین شپ سے مستعفی ہو کر اور نئے چیئرمین کو نامزد کرکے انہوں نے مزید اس بات کو تقویت بخشی ہے کہ انہوں نے اپنا بیانیہ تبدیل کردیا ہے۔ گمان ہے کہ وہ بہت جلد ملک سے باہر چلے جائیں گے اور اگر وہ ملک میں رہے بھی تو وہ سیاسی طور پر فعال نہ رہ سکیں گے کیونکہ انہیں درجنوں کیسز کا سامنا ہے۔ کل کی عدالتیں جو نواز شریف کو مجرم ثابت کررہی تھیں آج انہیں کیسز سے باعزت بری کررہی ہیں اور دوسری جانب عمران خان کا مستقبل تاریک دکھائی دے رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں