اسلام آباد: احتساب عدالت میں نواز شریف اور ان کے بچوں کے خلاف فلیگ شپ ضمنی ریفرنس کی سماعت 7 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔
نیوز کے مطابق نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف فلیگ شپ ضمنی ریفرنسز کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔ سماعت کے دوران نواز شریف احتساب عدالت میں پیش ہوئے تاہم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت سے استدعاکی کہ ان کے موکل کی طبیعت خراب ہے لہٰذا انہیں جانے کی اجازت دی جائے جس پر عدالت نے میاں نواز شریف کو جانے کی اجازت دے دی۔
نواز شریف کے عدالت سے جانے کے بعد بھی سماعت جاری رہی جس کے دوران ان کے وکیل خواجہ حارث نے استغاثہ کے گواہ عبدالحنان پر جرح کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی جانب سے پیش کی گئی دستاویزات کے درست ہونے کا کوئی سرٹیفکیٹ نہیں دیا گیا۔ گواہ نے کہا کہ کسی بھی کمپنی کے آفیسر یا لینڈ رجسٹری کے آفیسر نے دستاویزات کی تصدیق نہیں کی۔ گواہ عبدالحنان پر جرح مکمل ہونے کے بعد عدالت نے سماعت 7 مارچ تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ گواہ عبدالحنان نے گزشتہ سماعت پر 1500 صفحات پر مشتمل دستاویزات عدالت میں پیش کی تھیں۔
693