733

فیصلے امپائر کی انگلی نہیں عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں، نواز شریف

لودھراں: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ لودھراں کے عوام نے ثابت کردیا کہ فیصلے امپائر کی انگلی نہیں عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں۔
لودھراں میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ 1985 سے عوام کی خدمت کررہا ہوں، میرے بعد شہباز شریف نے جو خدمت کی ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ میں اب وزیر اعظم نہیں رہا ، مجھے نکال دیا گیا ہے، مجھ پر کرپشن کا کوئی الزام ثابت نہیں ہوا، مجھے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکالا گیا۔ عوام کو آئندہ انتخابات میں بڑے فیصلے کرنے ہیں، اس ملک میں گزشتہ 70 برسوں سے جو کچھ ہوتا آیا ہے اسے بدلنا ہے، ووٹ کے تقدس کی حفاظت کرنی ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ لودھراں کے عوام نے جھوٹ بولنے والوں کو رد کردیا، عوام نے ثابت کیا کہ فیصلے امپائر کی انگلی نہیں عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں، لودھراں کے عوام کا فیصلہ آج ہر جگہ گونج رہا ہے، 2018 کے انتخابات میں ملک کا ہر حلقہ لودھراں بن جائے گا، لاڈلہ کہتا ہے کہ لودھراں سے سبق سیکھیں گے، وہ خود سبق نہیں سیکھے گا قوم اسے سبق سکھائی گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں