715

منفرد فلم میں لیڈ رول ملنے پر اپنی فنکارانہ صلاحیتیں دکھاﺅں گی؛ نادیہ حسین

لاہور: سپرماڈل نادیہ حسین نے کہا ہے کہ اچھے اور منفرد موضوع پر بننے والی فلم میں لیڈ رول ملا تواپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا بڑے پردے پر ضرور ہنر دکھائوں گی اس کے علاوہ فلموں میں کسی بھی قسم کا کردار نبھانے کا کوئی شوق نہیں ہے۔
نادیہ حسین نے کہا بالی ووڈ میں کام کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، اپنے ملک میں کام کرنے کوزیادہ ترجیح دوں گی۔ فیشن انڈسٹری میں کام کرنے کے کچھ عرصہ بعد ہی ٹی وی ڈراموں اور فلموں میں کام کرنے کی پیشکش کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا لیکن میری تمام ترتوجہ ماڈلنگ پر مرکوز تھی۔
میں نے ملک اوربیرون ممالک ہونے والے فیشن شو اورفیش ویک میں شرکت کی اوراپنی منفرد پہچان بنائی بلکہ اس پروفیشن میں رہنے کی وجہ سے ہی میں نے فیشن سے وابستہ کاروبارشروع کیا اور بڑی کامیابی کے ساتھ اس کو آگے بڑھا رہی ہوں۔ دوسری جانب ایکٹنگ کیلیے مجھے آفرز جاری تھیں جو تاحال جاری ہی ہیں۔ مجھے کچھ عرصہ قبل پاکستان فلم انڈسٹری کے ایک معروف فلمی ستارے نے اپنی فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی تھی لیکن کردار اور سکرپٹ سننے کے بعد میں نے اس آفرکوقبول نہیں کیا۔
ایک طرف توایکٹنگ کیلیے خاصا وقت درکار ہوتا ہے اور پھر اگر کردار بھی جاندار نہ ہوتواس کو کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ اسی لیے میں سوچتی ہوں کہ جب بھی کسی فلم کو سائن کروں گی تواس کیلیے پہلی شرط لیڈنگ رول کی ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں نادیہ حسین نے کہا کہ ہمارے ملک کے بہت سے فنکاربالی ووڈ میں کام کررہے ہیں لیکن میرے نزدیک بھارت میں جاکرکام کرنا کوئی بڑی بات نہیں ہے۔
مجھے توبس اچھا اورمنفرد کام کرنا ہے جس سے میری اپنی پہچان ہو اورمیرے ملک کواس کا فائدہ پہنچے۔ مجھے بالی ووڈ میں کام کرنے کی پیشکش بھی ہو چکی ہے لیکن میں نے اس کیلیے رضامندی ظاہر نہیں کی۔ میری پہلی ترجیح اپنا ملک ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں