لاہور: قصور کی معصوم بچی زینب کے قاتل عمران نے انسداد دہشت گردی کی عدالت کے فیصلے کو چیلنج کردیا۔میڈ یا رپورٹس کے مطابق زینب قتل کیس میں انسداد دہشت گردی کی عدالت سے سزائے موت پانے والے مجرم عمران نے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔مجرم عمران کی سزا کے خلاف اپیل جیل انتظامیہ نے دائر کی جس میں عمران نے خود کو بے گناہ قرار دیا ہے۔عمران نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے انسداد دہشت گردی کا فیصلہ جلدی میں کیا گیا ،ٹرائل کے دوران قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے لہذا انسداد دہشت گردی کی عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے قصور کی 7 سالہ زینب سے زیادتی و قتل کے مجرم عمران کو 4 بار سزائے موت سنائی۔جج سجاد احمد نے زینب زیادتی و قتل کیس کا فیصلہ سنایا جسے ملکی تاریخ کا تیز ترین ٹرائل قرار دیا جارہا ہے۔
713