عائشہ گلالئی نے مسلم لیگ ن پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اداروں کے خلاف بولنےکے لیے انہیں سینیٹ کے ٹکٹ کی پیشکش کی گئی تھی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عائشہ گلالئی کا کہنا تھاکہ عمران خان اپنے پاﺅں پر کلہاڑی مارتے ہیں، لیکن نوازشریف تو عمران خان سے بھی زیادہ خطرناک ہیں۔
گلالئی نے سابق وزیراعظم پر الزام لگاتے ہوئے مزید کہا کہ نواز شریف نے پورے ملک کا اسکریپ اکٹھا کرکے فیکٹری بنائی اور دولت سمیٹی۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو مانسہرہ جانے کے لئے ہیلی کاپٹر مل جاتا ہے، کیا یہ ہوتی ہے عوامی سیاست؟۔
عائشہ گلالئی نے کہا کہ وقت آنے پر میں ٹکٹ دینے والے ن لیگی کا نام بھی بتا دوں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے نزدیک اداروں کے خلاف بات کرنا بغاوت کے زمرے میں آتا ہے۔
عائشہ گلالئی نے کہا کہ نوازشریف یہ سمجھتے ہیں کہ عدلیہ کسی اور کو پکڑے تو کوئی بات نہیں، بس مجھے نہ پکڑے۔فیض آباد دھرنے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ جب فوج نے دھرنا ختم کرایا تو انہوں نے فوج کو بدنام کرنا شروع کر دیا۔
دوسری جانب عائشہ گلالئی کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاناما فیصلہ آنے کے بعد ن لیگ نے عائشہ گلالئی کو استعمال کیا، لگتا ہے ن لیگ نے عائشہ گلالئی سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ سیاسی مخالفین کے خلاف غیر اخلاقی مہم چلانا ن لیگ کا وطیرہ ہے، عمران خان کے خلاف بھی ن لیگ نے 1996 میں مہم چلائی تھی۔
725