اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے رہنما بیرسٹر اعتزاز احسن نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن گالم گلوچ بریگیڈ جبکہ نوازشریف اور مریم نواز اس کا حصہ ہیں ، لیکن وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا بھی اس بریگیڈ کا حصہ بن جانا تشویشناک ہے۔
اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ نوازشریف اور مریم نواز نے ن لیگ کے کئی مامے چاچے فارغ کر دیئے ہیں ، جو فارغ نہیں ہوئے وہ ان کے گھٹنے پکڑ کے بیٹھے ہیں، شاہد خاقان عباسی و دیگر مامے چاچے ن لیگی ٹرک سے اتار دیئے گئے ہیں ، سڑک پر کھڑے شاہد خاقان عباسی اسی ٹرک پر دوبارہ سوار ہونا چاہ رہے ہیں، اب وزیراعظم عباسی کو لگ رہا ہے کہ انہیں کئی معاملات پراعتماد میں نہیں لیا جا رہا۔
پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے بھی کہا کہ کیا کوئی چور اچکا پارٹی سربراہ بن سکتا ہے؟ مودی اور راہول گاندھی سمیت کسی بھارتی سیاستدان نے اس پر احتجاج یا بیان بازی نہیں کی۔ انہوں نے کہا یہاں جب کسی چور اچکے کو للکارا جائے انہیں لگتا ہے نواز شریف کا ذکر ہو رہا ہے۔ کسی چور اچکے کی بات ہو مریم نواز اسے اپنے بابا پر لے لیتی ہے۔ یہ تو چور کی داڑھی میں تنکا کے مترادف ہے۔
724