737

ٹرمپ کے داماد کی انتہائی حساس معلومات تک رسائی روک دی گئی

واشنگٹن: امریکہ میں حکام نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر کے طور پر خدمات انجام دینے والے ان کے داماد جیرڈ کوشنر کی سکیورٹی کلیئرنس میں تخفیف کردی ہے جس کے بعد ان کی انتہائی حساس معلومات تک رسائی محدود ہوجائے گی۔کوشنر وائٹ ہاﺅس میں کام کرنے والے ان کئی مشیروں میں شامل تھے جو عبوری سکیورٹی کلیئرنس کی بنیاد پر ایسے معاملات پر کام کر رہے تھے جنہیں امریکی حکومت انتہائی حساس قرار دے چکی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ان تمام مشیروں کو جمعے کو ایک سرکاری خط کے ذریعے مطلع کیا گیا ہے کہ ان کی سکیورٹی کلیئرنگ ٹاپ سیکرٹ سے کم کرکے سیکرٹ کی جارہی ہے۔امریکی حکومت میں ایسی معلومات کو ٹاپ سیکرٹ قرار دیا جاتا ہے جو یا تو انتہائی حساس ذرائع سے حاصل کی جارہی ہوں یا ان کا براہِ راست تعلق قومی سلامتی کے امور سے ہو۔ ایسی معلومات تک حکومت کے انتہائی اعلیٰ اہلکاروں کو ہی رسائی دی جاتی ہے۔سکیورٹی کلیئرنس میں تخفیف کے بعد کوشنر وائٹ ہاﺅس میں روزانہ صبح انٹیلی جنس حکام کی جانب سے صدر ٹرمپ کو دی جانے والی بریفنگ میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔
امریکی صدر کے پاس اپنے کسی بھی مشیر کو مستقل سکیورٹی کلیئرنس دینے کے اختیار ہے لیکن صدر ٹرمپ نے جمعے کو اپنے ایک بیان میں واضح کیا تھا کہ وہ اس معاملے میں مداخلت نہیں کریں گے اور جیرڈ کوشنر کی سکیورٹی کلیئرنس سے متعلق حتمی فیصلہ ان کے چیف آف اسٹاف اور سابق میرین جنرل جان کیلی کریں گے۔کوشنر کی سکیورٹی کلیئرنس میں تخفیف کی خبر امریکی ادارے ‘پولیٹیکو’ نے منگل کو بریک کی۔
منگل کو جب صحافیوں نے اس خبر کے متعلق وائٹ ہاﺅس کی ترجمان سارہ ہکابی سینڈرز سے پوچھا تو انہوں نے اس پر کوئی ردِ عمل دینے سے انکار کردیا۔تاہم وائٹ ہاﺅس کی ترجمان کا کہنا تھا کہ جیرڈ کوشنر صدر ٹرمپ کی ٹیم کا ایک قابلِ قدر حصہ ہیں اور وہ اپنی ذمہ داریاں بدستور انجام دیتے رہیں گے۔جیرڈ کوشنر کی سکیورٹی کلیئرنس میں تخفیف کی خبر سامنے آنے سے چند گھنٹے قبل ان کے ترجمان جوش رافیل نے اپنا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
دریں اثنا امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے خبر دی ہے کہ جیرڈ کوشنر کے بعض غیر ملکی حکومتوں کے ذمہ داران سے رابطوں پر وائٹ ہاﺅس کے اندرونی حلقوں کو خدشات تھے اور ان کی سکیورٹی کلیئرنس میں تخفیف کی ایک وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں