643

ٹویٹس محفوظ کرنے کیلئے بک مارک فیچر پیش کردیا گیا

کیلیفورنیا: ٹوئٹر پر ہر لمحہ آنے والی ٹویٹس چند گھنٹوں میں، جب کہ بعض اوقات صرف چند منٹوں ہی میں آپ کی آنکھوں سے اوجھل ہوجاتی ہیں جو بعد میں تلاش بسیار کے بعد مشکل سے ملتی ہیں۔ اب ٹوئٹر نے اہم پوسٹس کےلیے بک مارک متعارف کرادیا ہے جو پوری دنیا کےلیے دستیاب ہے۔
بک مارک فیچر کے تحت آپ پسندیدہ تھریڈز، ویڈیوز اور گفس کو بک مارک سے محفوظ کرکے انہیں بعد میں آسانی سے دیکھ سکیں گے۔ اس موقعے پر ٹوئٹر کی ایسوسی ایٹ پروڈکٹ مینیجر جیسر شاہ نے کہا کہ عوام کی بڑی تعداد نے اس فیچر کی درخواست کی تھی جسے اب دنیا بھر کےلیے شامل کردیا گیا ہے۔
ٹوئٹر نے اس موقع پر شیئر بٹن میں مزید فیچر بھی متعارف کرائے ہیں جن میں ٹوئٹر کو ای میل، ٹیکسٹ اور ڈائریکٹ میسج کے ذریعے شیئر کرنے کے آپشنز بھی شامل ہیں۔ پروڈکٹ مینیجر نے مزید بتایا کہ ٹوئٹر 2017 سے بک مارک فیچر متعارف کرانے پر کام کررہا ہے۔
یہ فیس بک کی طرح ’سیو فار لیٹر‘ کا آپشن ہی ہے۔ قبل ازیں ٹوئٹر صارفین اپنی پسندیدہ ٹویٹس کو فیورٹ میں شامل کررہے تھے یا پسند کررہے تھے یا اپنے ٹویٹس میں براہ راست شامل کررہے تھے جو ایک پریشان کن عمل تھا۔ قبل ازیں 2016 میں انسٹا گرام نے بھی ایک فیچر متعارف کرایا تھا جسے ’سیو فار لیٹر‘ کا نام دیا گیا ہے۔

ٹوئٹر کا نیا بک مارک فیچر
کسی ٹویٹ کو بک مارک کرنے کےلیے پہلے ’شیئر آئکن ‘ پر ٹیپ کیجیے اور اس میں سے ’ایڈ ٹویٹ ٹو بک مارک‘ منتخب کرلیجیے۔ اب اس ٹویٹ کو بعد میں دیکھنے کےلیے بک مارکس پر جائیے جو پروفائل آئکن مینیو میں موجود ہوتا ہے۔
ٹوئٹر کے اس اعلان کے بعد ٹوئٹر صارفین نے خوشی کا اظہار کیا ہے کیونکہ ان کی دیرینہ ضرورت پوری ہوگئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں