پی آئی اے کا بحران! پروازیں جاری رکھنے کیلئے 100 ملین ڈالر درکار 120

پی آئی اے کا بحران! پروازیں جاری رکھنے کیلئے 100 ملین ڈالر درکار

اسلام آباد (پاکستان ٹائمز) پی آئی اے کے پبلک افیئرز کے جنرل مینجر عبداللہ حفیظ کا کہنا ہے کہ قومی ایئرلائن کے بارے میں جو افواہیں گردش کررہی ہیں اس میں صداقت نہیں اور کینیڈا کی پروازوں کو معطل نہیں کیا جا رہا تاہم ان کا کہنا تھا ایئرلائن نے ماہانہ کچھ ادائیگیاں کرنا ہوتی ہیں جن میں ایندھن، ایئرپورٹ فیس، لیزنگ کمپنیوں کو ادائیگی، قرضوں کی اقساط اور ٹیکس وغیرہ شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ادائیگیاں تقریباً 16 سے 17 ملین ڈالرز کے قریب بنتی ہیں۔ ملک کی معاشی صورتحال اور روپیہ کی گرتی ہوئی قدر نے مشکلات کھڑی کی ہیں اور ڈالرز میں رقم کی ادائیگی حالات کو مخدوش بنا رہی ہے۔ پی آئی اے کے ذمہ فوری طور پر زیر التواءادائیگیوں کا حجم 100 ملین ڈالرز تک پہنچ چکا ہے۔ عبداللہ حفیظ کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت سے ایمرجنسی فنڈ کے لئے رابطہ کیا گیا مگر حکومت کے پاس بھی پیسے نہیں اور پی آئی اے کو اصلاحات کرنے کا کہا جارہا ہے اور حکومت نے مشورہ دیا ہے کہ ایمرجنسی فنڈ کے لئے نجی بینکوں سے رابطہ کیا جائے تاہم ان کا کہنا تھا کہ ہمارا بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ہم کماتے روپیہ میں ہیں مگر ہمیں ادائیگیاں ڈالرز میں کرنا ہوتی ہیں۔ واضح رہے کہ یورپ اور امریکہ نے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی عائد کی ہوئی ہے اور ان مشکلات کا ایک سبب یہ بھی بتایا جارہا ہے، مصدقہ اطلاعات کے مطابق پی آئی اے کے پاس 31 جہاز ہیں جن میں سے لگ بھگ 25 جہاز قابل پرواز ہیں مگر کچھ جہاز لیزنگ کمپنیوں کو ادائیگی نہ ہونے کے سبب کھڑے ہیں یوں پی آئی اے کے کل جہازوں میں سے آدھے پرواز کررہے ہیں جب کہ آدھے جہاز جن کے انجن لیز پر لئے گئے ہیں، ادائیگی نہ ہونے کے سبب پرواز نہیں کرسکتے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں