718

چینی ماہرین نے دل کی نشوونما کرنے والا اہم جین دریافت کرلیا

بیجنگ: چینی ماہرین نے ان تھک محنت کے بعد ایک اہم جین دریافت کرلیا ہے جو دل کے اطراف رگوں اور اعصاب کی تشکیل میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس دریافت سے دل کے کئی امراض کی شناخت و علاج میں مدد مل سکے گی۔
چینی شنہوا نیوز ایجنسی کے مطابق منگل کے روز ایک سائنسی جریدے سائنس سگنلنگ میں شائع ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’ ڈبلیو ڈی پی سی پی‘ جین دل کی رگوں کے امراض (کورونری آرٹری ڈیزیز) کی شناخت اور علاج میں بہت اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
چین میں واقع شنگھائی میڈیکل سینٹر کے ماہر زینگ زین اور ان کے محقق ساتھیوں نے کہا ہے کہ ڈبلیو ڈی پی سی پی جین چوہوں میں دریافت ہوا ہے جو ان کے دل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس سے قبل خلیے کے کناروں پر دھاگے دار ابھار یعنی سیلیا کی تشکیل میں یہ جین کارآمد پایا گیا تھا اور اسی کی بدولت یک خلوی جاندار دھیرے دھیرے آگے بڑھتے ہیں۔
ہم جانتے ہیں کہ دل کی اطراف رگیں، اعصاب اور نسیجیں دل کے پٹھوں اور دیگر حصوں کو آکسیجن اور غذائیت بھرے اجزا فراہم کرتی ہیں۔ ڈاکٹر زینگ نے بتایا کہ ان رگوں کی تشکیل دو مراحل میں ہوتی ہے: اول دل کی اندرونی سطح سے رگ اور شریان پھوٹتی ہیں اور ابتدائی طور پر منظم ہوتی ہیں۔ دوسرے مرحلے میں دل کے باہر کے خلیات کو جمع کرکے ایک مکمل شریان بنتی ہے۔
دل کی تشکیل کےلیے یہ عمل ضروری ہے کیونکہ پہلے مرحلے میں خلیات ہموار ہوتے ہیں جو شریانوں کےلیے اینٹوں کا کام کرتے ہیں اور ان کے اوپر دیگر باریک نالیاں تشکیل پاتی ہیں۔ جب چوہوں میں ڈبلیو ڈی پی سی پی جین کو تبدیل کیا گیا تو خلیات کی ترسیل میں رکاوٹ ہوئی اور شریانیں درست طور پر تشکیل نہ پاسکیں۔ یعنی دل پر چپکی ہوئی خون کی رگیں چھوٹی اور تنگ بنیں۔ اگلے مرحلے میں جب چوہے میں سے یہ جین نکال دیا گیا تو اس کے مزید شدید اثرات سامنے آئے۔
ان تجربات اور ان کے نتائج کے بعد ماہرین اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ڈبلیو ڈی پی سی پی جین دل کی رگوں کی تشکیل میں غیرمعمولی کردار ادا کرتا ہے۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں