ٹورنٹو: کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو ہر دلعزیز شخصیت ہیں اب ان کی حکومت نے پاکستانیوں کو ایک ایسی خوشخبری سنا دی ہے کہ یہاں ان کی مقبولیت دو چند ہو جائے گی۔
خبر کے مطابق کینیڈین حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اب پاکستانی طلبہ اور کاروباری افراد کے لیے ویزا سہولت انتہائی تیز کی جائے گی۔
کینیڈین وزیر برائے مہاجرت و شہریت احمد حسین کا کہنا تھا کہ کینیڈین حکومت کے اس اقدام سے کینیڈا اور پاکستان کے عوام کا باہمی رابطہ مضبوط ہو گا اور پاکستانی طلبہ و کاروباری افراد کو ویزوں کے حصول میں درپیش مسائل میں کمی ہو گی۔
احمد حسین نے گزشتہ روز پاکستان ہاوس اوٹاوا میں پاکستانی ہائی کمشنر طارق عظیم خان کی طرف سے دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ میں پاکستانی ہائی کمشنر کو یقین دلاتا ہوں کہ آئندہ ویزے کے لیے آنے والی پاکستانیوں کی درخواستیں میں خود دیکھوں گا۔
انہوں نے یہ خوشخبری بھی دی کہ جن پاکستانیوں کے رشتہ دار یہاں مقیم ہیں ان کے ویزوں کا طریقہ کار بھی تیز تر بنا دیا گیا ہے تاکہ انہیں اپنے عزیزوں سے ملنے میں مشکلات درپیش نہ ہوں