بال جسٹس فائز عیسیٰ کے کورٹ میں 309

کینیڈا! فراڈیوں کی جنت

جب سے حکومت کینیڈا نے انویسٹمنٹ کی بنیاد پر امیگریشن دینے کا اعلان کیا ہے، کینیڈا میں ہزاروں فراڈیے دنیا بھر سے حرام کی کمائی کے بل بوتے پر کینیڈا میں نہ صرف آباد ہو چکے ہیں بلکہ انہوں نے بڑے بڑے کاروبار شروع کر رکھے ہیں اور دونوں ہاتھوں سے دولت لوٹ رہے ہیں۔ ان دو نمبر کاروبار کرنے والوں نے پیسہ کی فراوانی ہونے کا بھرپور فائدہ اٹھایا ہے اور سٹی کونسل ہو، صوبائی حکومتیں ہوں یا پھر وفاقی ادارے ہوں سب میں اپنے پاﺅں پھیلا رکھے ہیں۔ ان کا طریقہ واردات یہی ہے کہ یہ الیکشن میں کھڑے ہونے والے امیدواروں پر پیسہ لگاتے ہیں۔ پارٹی کے لئے خطیر رقم عطیہ کرتے ہیں جس کے نتیجہ میں حکومت میں بیٹھے اعلیٰ عہدیدار، ممبر صوبائی اور وفاقی پارلیمنٹ اور سٹی کے میئر سب ان کے ہاتھوں میں کھلونا بنے ہوئے ہیں۔ یہ جب چاہتے ہیں جہاں چاہتے ہیں اپنے لئے دونمبری کا راستہ ہموار کر لیتے ہیں۔ گزشتہ دنوں گرین بلیٹ اسکینڈل بھی انہی کا مرہون منت ہے کہ کرپٹ اور مفاد پرست بلڈرز نے رشوت کا بازار گرم کرکے حکومت اونٹاریو سے ہزاروں ایکڑ زمین کوڑیوں کے مول نہ صرف ہتھیا لی بلکہ اس زرعی زمین کو رشوت دے کر کمرشل میں تبدیل کراکے آگے سودا کردیا اور راتوں رات کروڑوں ڈالرز کمالئے۔ ان کے اس عمل سے جہاں کمیونٹی بدنام ہوئی، وہیں کئی ایک وزراءکو اپنی وزارت سے ہاتھ دھونے پڑ گئے۔ اس سے قبل کئی ایک ایسے دو نمبری لوگ انویسٹمنٹ کی بنیاد پر کینیڈا آئے اور پھر کئی ایک افراد کو امیگریشن کا جھانسہ دے کر ان کی رقم ہڑپ کرگئے۔ کینیڈا کے قانون کی دھجیاں بکھیر کر انہوں نے اپنے راستے تو ہموار کرلئے مگر یہ بھول بیٹھے کہ اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے۔ ایک حد تک تو اللہ تعالیٰ کی خاموشی اور رحمت کا فائدہ تو اٹھایا جا سکتا ہے مگر ایک نہ ایک سب کو انصاف کا سامنا کرنا ہے۔
فراڈ کے ذریعہ انسانوں کو نقصان پہچانے والے یہ لٹیرے سمجھتے ہیں کہ دنیا کے سامنے دولت کے بل بوتے پر سرخرو ہو کر وہ کبھی احتساب کے عمل سے نہیں گزریں گے۔ یہاں وہ یہ بات بھی بھول جاتے ہیں کہ اللہ کا اپنا ایک قانون ہے ”جیسا کرو گے ویسا بھرو گے“ کا عمل جاری و ساری رہتا ہے اور وقت آنے پر قدرت اگلا اور پچھلا سارے حساب برابر کرلیتی ہے۔
اس لئے کہتے ہیں کہ اگر آپ اللہ کے حق میں خیانت کر بھی دو تو بچت ہو جائے مگر انسانوں کو تکلیف میں مبتلا کرنے والے کبھی سکھ کی بانسری نہیں بچا سکتے۔ ان کی مدت نہایت کم اور پکڑ نہایت سخت ہوتی ہے۔ اللہ کے عذاب کی کئی قسمیں ہیں۔ کوئی کینسر کے موذی مرض میں مبتلا ہو جاتا ہے تو کوئی کسی اور مشکل میں۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ ہمیں خوش و خرم نظر آنے والے اور دولت میں کھیلنے والے یہ لوگ رات کو سکون کی نیند بھی نہیں سو سکتے۔ کوئی نہ کوئی پریشانی انہیں گھیرے رکھتی ہے مگر ہماری آنکھوں پر پڑا پردہ ہمیں آنکھیں پوری طرح کھولنے نہیں دیتا۔ ایسے افراد کو اللہ تعالیٰ کی جانب سے ہدایت بھی نہیں ملتی۔ ایسے وقت سے پناہ مانگنی چاہئے کہ جب اللہ تعالیٰ کا غضب ہمیں لہولہان کردے۔ اللہ رب العزت ہم سب کو ایسے دو نمبر کرنے والوں سے محفوظ رکھے اور حلال رزق کمانے اور کھانے کی توفیق عطا فرمائے کہ حرام کی پلی ہوئی اولاد بھی حرام کے کاموں میں ہی زندگی بھر ملوث رہتی ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں ہماری اولادوں اور ہماری نسلوں کو اپنے دین، اپنے نبی اور سیدھے راستے کو قائم و دائم رکھے، آمین۔
کینیڈین حکومت کو چاہئے کہ وہ اپنے انویسٹمنٹ امیگریشن کے قانون کو صاف و شفاف بنائے تاکہ کینیڈا میں بسنے والے لوگ کینیڈا کے قوانین سے کھیل کر اس ملک کے ماحول کو خراب نہ کرسکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں