اوٹاوا: کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے پہلی مرتبہ ملک کی شاہی گھڑ سوار پولیس کے قائد کے منصب پر ایک خاتون کا تقرر کردیا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق کینیڈا کے صوبے ساسکچیوان کے شہر ریجینا میں پولیس اکیڈمی میں منعقد تقریب کے دوران ٹروڈو کا کہنا تھا کہ پولیس کے شعبے میں 31 برس سے فرائض انجام دینے والی خاتون افسر برینڈا لوکی اپریل میں پولیس سربراہ کا منصب سنبھالیں گی۔سابق سربراہ پوپ پاولسن اپنے منصب پر 5 برس سے زیادہ فائز رہنے کے بعد گزشتہ برس جون میں ریٹائرڈ ہو گئے تھے۔ پاولسن نے اپنی مدت کے دوران آبدیدہ ہو کر جنسی ہراسیت اور حملوں اور امتیاز سے متعلق اُن دعوؤں کے حوالے سے معافی مانگی تھی جو ادارے کے لیے انتہائی شرمندگی کا باعث بنے۔جسٹن ٹروڈو کے مطابق کینیڈا کی شاہی گھڑ سوار پولیس کو شہریوں کی نظروں میں ایک مرتبہ پھر قابل اعتبار بنانے کے لیے بہت کام کرنا ہو گا۔
795