780

گوگل کی اڑن گاڑی پرواز بھرنے کے لیے تیار

آپ کو ہیری پوٹر سیریز کے دوسرے حصے میں وہ گاڑی یاد ہے جسے ہیری اور رون اُڑا کر اپنے اسکول لے جاتے ہیں اور گوگل اب اسے بہت جلد حقیقت کی شکل دینے والا ہے۔
جون 2016 میں گوگل کے شریک بانی اور اب الفابیٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر لیری پیج کے حوالے سے اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ وہ 2 اُڑن گاڑیوں کے منصوبوں پر کام کررہے ہیں، جس میں سے ایک ماڈل فلائیر ری کریشنل کو پیش کیا گیا تھا اور اب دوسری گاڑی کورا کو متعارف کرایا گیا ہے۔
یہ ایک اُڑنے والی ٹیکسی ہے جسے لیری پیج کی کمپنی کیٹی ہاک نے تیار کیا ہے۔
یہ برقی اُڑنے والی گاڑی انفرادی طور پر فروخت کرنے کی بجائے مسافروں کو ٹیکسی کی خدمات فراہم کرنے کے لیے استعمال کی جائیں گی۔

اس میں خودکار پرواز کی صلاحیت رکھنے والے سافٹ وئیر کو استعمال کیا جائے گا، جبکہ اس میں لگائے جانے والے 12 پنکھے عمودی ٹیک آف اور لینڈنگ میں مدد دیں گے، بالکل کسی ہیلی کاپٹر کی طرح، تو رن وے کی ضرورت بھی نہیں ہوگی۔
اُڑان بھرنے کے بعد ایک سنگل پروپلر کورا کو 500 سے 3 ہزار فٹ کی بلندی پر 110 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز سے مدد دے گا۔
کمپنی کے مطابق یہ گاڑی یا طیارہ 3 کمپیوٹرز سے لیس ہوگا جو اسے راستہ تلاش کرنے میں مدد دیں گے۔
اس میں ایک وقت میں 2 مسافر سفر کرسکیں گے اور یہ 110 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرسکے گی۔
اس کمپنی کو سب سے پہلے نیوزی لینڈ میں متعارف کرایا جائے گا، جس کے لیے وہاں کی وزیراعظم سے گوگل کی کمپنی معاہدے کرے گی، جس کے بعد آزمائشی پروازیں شروع کی جائیں گی۔
یہ گاڑی 2021 تک کمرشل بنیادوں پر نیوزی لینڈ کی فضاﺅں میں عام صارفین کو ٹیکسی کی سہولت فراہم کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں