اسلام آباد (پاکستان ٹائمز) الیکشن 2024ءآج سے گزشتہ 20 روز قبل اختتام پذیر ہو چکے ہیں مگر تاحال تمام نتائج سامنے نہیں آسکے۔ کئی حلقوں کے نتائج اب بھی سامنے نہیں لائے گئے ہیں۔ فارم 45 کی بنیاد پر فارم 47 کا معاملہ بھی غور طلب اور توجہ طلب ہے۔ پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا بھرپور آواز اٹھا رہا ہے جب کہ دیگر سیاسی جماعتیں اس معاملہ پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ سندھ اور بلوچستان کی حکومتیں پیپلزپارٹی کی مرہون منت ہیں۔ کراچی سے ایم کیو ایم کو 17 سیٹیں تو دلا دیں گئیں مگر اب محسوس ہوتا ہے کہ ایم کیو ایم جیتنے کے باوجود ذہنی دباﺅ کا شکار ہے کہ اس الیکشن کے نتائج آنے کے بعد ایم کیو ایم کو باور کرادیا گیا ہے کہ یہ جیت تمہاری نہیں بلکہ ہماری مرہون منت ہے اور تمہیں تحفتاً دی گئی ہے چنانچہ بغیر چوں چرا جو کہا جائے خاموشی سے کئے جاﺅ۔ اس سلسلہ میں مصطفیٰ کمال کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل کردی گئی ہے جس میں مصطفیٰ کمال اس بات کا اعتراف کرتے نظر آرہے ہیں کہ یہ جیت آسمانی مخلوق کے طفیل انہیں ملی ہے۔ سیاسی قائدین کے مطابق پاکستان کے صوبہ سرحد کی اسمبلی کو آزاد کہا جا سکتا ہے جب کہ دیگر صوبوں کی حکومتیں اسٹیبلشمنٹ کی مرہون منت ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ الیکشن 2024ءکی 8 فروری کو ہونے والی پولنگ کے بعد سے ووٹوں کی گنتی کا جو سلسلہ شروع ہوا تھا وہ آج تک جاری ہے۔
