Notice: Undefined index: geoplugin_countryName in /home/pakistantimes/public_html/wp-content/themes/upaper/functions.php on line 341
ایک ملک پر حملہ دونوں ملکو پر حملہ تصور ہوگا، پاکستان، سعودی عرب میں تاریخی دفاعی معاہدہ 57

ایک ملک پر حملہ دونوں ملکوں پر حملہ تصور ہوگا، پاکستان، سعودی عرب میں تاریخی دفاعی معاہدہ

اسلام آباد/ ریاض۔ پاکستان اور سعودی عرب میں تاریخی سٹریٹجک دفاعی معاہدے پر دستخط کر دیئے گئے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سعودی ولی عہد ووزیر اعظم محمد بن سلمان کی دعوت پروزیر اعظم شہباز شریف نے مملکت کا سرکاری دورہ کیا۔ اس موقع پر ولی عہد ووزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ریاض کے الیمامہ پیلس میں وزیر اعظم پاکستان کا استقبال کیا۔ دونوں رہنماو¿ں نے پاکستان اور سعودی عرب کے وفود کی موجودگی میں مذاکرات کا باضابطہ اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس کے آغاز میں وزیر اعظم شہباز شریف نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کیلئے خیر مقدم کا اظہار کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور سٹریٹجک تعلقات اور مشترکہ دلچسپی کے متعدد موضوعات کا جائزہ لیا اور تبادلہ خیال کیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تقریباً آٹھ دہائیوں پر محیط تاریخی شراکت داری، بھائی چارہ اور اسلامی یکجہتی کا رشتہ ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ سٹریٹجک مفادات اور قریبی دفاعی تعاون بھی جاری ہے جس کے تحت ولی عہد ووزیر اعظم سعودی عرب محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین ” سٹریٹجک با ہمی دفاعی معاہدے ” (SMDA) پر دستخط کئے۔ اعلامیے کے مطابق معاہدہ دونوں ممالک کی سلامتی کو بڑھانے اور خطے اور دنیا میں سلامتی اور امن کے حصول کے لئے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے، اس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور کسی بھی جارحیت کے خلاف مشتر کہ دفاع وتحفظ کو مضبوط بنانا ہے۔ معاہدے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ایک ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت کو دونوں ملکوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے اور پاکستانی وفد کے پر تپاک استقبال اور فراخدلی سے مہمان نوازی پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز ، ولی عہد ووزیر اعظم محمد بن سلمان بن عبد العزیز آل سعود اور سعودی عرب کے برادر عوام کے لئے مسلسل ترقی ، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ولی عہد نے وزیر اعظم شہباز شریف کی اچھی صحت ، تندرستی اور پاکستان کے برادر عوام کی مزید ترقی اور خوشحالی کے لئے نیک تمناو¿ں کا اظہار کیا۔ قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف کا سعودی عرب پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ وزیر اعظم کا طیارہ جیسے ہی سعودی فضائی حدود میں داخل ہوا تو سعودی فضائیہ کے ایف 15 لڑاکا طیاروں نے وزیر اعظم کے طیارے کو اپنے حصار میں لے لیا۔ وزیر اعظم نے کاک پٹ میں جا کر مائیک کے ذریعے سعودی عرب کی فضائی حدود میں بھر پور استقبال پر سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد ووزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔ قصر یمامہ پہنچنے پر وزیر اعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم،منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف وزیر ماحولیاتی تبدیلی مصدق ملک، وزیر اطلاعات عطائ اللہ تارڑ بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سعودی عرب حکومت کی طرف سے برادرانہ محبت اور احترام کا مظاہرہ ، عالم اسلام میں یہ مقام اللہ کی مہربانی ، شہباز شریف کی سفارتی مہارت اور ہماری افواج کی بے مثال کامیابیوں کا ثمر ہے۔ وزیر اعظم سعودی عرب سے آج برطانیہ روانہ ہوں گے اور پھر برطانیہ میں 2 روز قیام کے بعد امریکہ جائیں گے۔ سعودی عرب روانگی سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کا دورہ کیا اور انگریزی چینل کا افتتاح کیا۔ وزیر اعظم نے پاکستان ٹیلی وڑن میں قائم کردہ پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کے قیام کی تختی کی نقاب کشائی کی اور بعد ازاں ڈیجیٹل چینل کی باقاعدہ نشریات کے آغاز کا افتتاح بھی کیا۔ وزیر اعظم نے نئے چینل کے مختلف سیکشن کا دورہ بھی کیا، وہاں کام کرنے والے نوجوانوں سے بات چیت کی۔ وزیر اعظم نے نوجوانوں کے جذبے کی تعریف کی اور کہا کہ بیرونی بیانیہ کی جنگ میں انکا کردار انتہائی اہم ہے، اس ڈیجیٹل چینل کے آغاز کا بنیادی مقصد مسلسل حقیقی خبریں فراہم کرتے ہوئے پاکستان کے بارے میں ہونے والی غلط بیانی اور پروپیگنڈے کا موثر جواب دینا ہے۔ وزیر اعظم نے پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کی نشریات کے لئے اپنا پہلا انٹرویو بھی ریکارڈ کروایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں