واشنگٹن (فرنٹ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے بات کی ہے اور انہیں پاکستان کے ساتھ جنگ سے گریز کرنے پر زور دیا ہے۔ عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بات واشنگٹن کے اوول آفس میں دیوالی کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، تقریب میں بھارتی نڑاد افرادکی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔ ٹرمپ نے اوول آفس کی تقریب میں شرکا سے کہا میں نے آج آپ کے وزیر اعظم سے بات کی ، ہماری بہت اچھی گفتگو ہوئی ، ہم نے تجارت کے بارے میں بات کی اور میں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے ساتھ جنگ نہ ہو، میرے خیال میں چونکہ تجارتی معاملات زیر بحث آئے ، اسی وجہ سے میں یہ بات مو¿ثر انداز میں کہہ سکا اور اب بھارت اور پاکستان کے درمیان کوئی جنگ نہیں ہے، جو ایک بہت اچھی بات ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نے انہیں یقین دلایا ہے کہ نئی دہلی روس سے بہت زیادہ تیل نہیں خریدے گا۔ یہ معاملہ دونوں ممالک کے درمیان ایک اور اختلافی نکتہ بن چکا ہے۔ امریکہ نے روسی تیل کی خریداری کے باعث بھارتی مصنوعات پر 25 فیصد اضافی ٹیرف عائد کیا ہے، جس کے نتیجے میں اس سال بھارت پر مجموعی در آمدی محصولات 50 فیصد تک پہنچ چکے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی مذاکرات کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ دریں اثنائ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ یکم نومبر 2025 سے چین سے آنے والی تمام اشیا پر 155 فیصد درآمدی ٹیکس ( ٹیرف ) لگایا جائے گا۔ ٹرمپ نے چین پر عائد کیے گئے ٹیرف سے متعلق اپنے بیان میں کہا کہ میں چین کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہوں لیکن کئی برسوں سے چین کے ساتھ تجارت غیر منصفانہ رہی ہے جس کی وجہ سے امریکہ کو نقصان اٹھانا پڑا۔ صدر ٹرمپ کے مطابق اب امریکہ کو اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے سخت فیصلے لینے کی ضرورت ہے۔ چین نے ماضی میں امریکہ کے ساتھ سخت رویہ رکھا، پچھلی امریکی حکومتوں نے چین کو بہت زیادہ فائدہ اٹھانے کا موقع دیا لیکن وہ اب ایسا نہیں ہونے دیں گے، یورپ، جاپان اور جنوبی کوریا کے ساتھ کیے گئے ان کے تجارتی معاہدے بھی ٹیرف پالیسی کی بنیاد پر بنائے گئے تھے اور یہ اقدامات وہ قومی سلامتی کا حصہ سمجھتے ہیں۔
128











