ماسکو (نیوز ڈیسک) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں حقیقی اقتصادی روابط قائم کرنے کے لئے پر عزم ہے، پائیدار ترقی خطے میں امن واستحکام سے جڑی ہے۔ ماسکو میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے علاقائی اقتصادی تعاون ، ترقی اور استحکام کیلئے پاکستان کا جامع وڑن پیش کیا۔ اسحاق ڈار نے خطے میں رابطے، بنیادی ڈھانچے ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے توانائی، ڈیجیٹل اکانومی ، سائنس و ٹیکنالوجی تعلیم اور ووکیشنل ٹریننگ کے شعبوں میں ایس سی او کی کوششوں کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے پاکستان کے اس عزم کو دہرایا کہ ملک خطے میں حقیقی اقتصادی روابط قائم کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ اس موقع پر انہوں نے غربت، سماجی و معاشی مسائل اور موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کی ضرورت پر بھی زوردیا اور کہا کہ پائیدار ترقی کا دارو مدار خطے میں امن اور استحکام سے جڑا ہے۔ علاوہ ازیں ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کے مطابق نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی چینی وزیر اعظم لی کیا نگ سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران پاک چین قیادت نے دو طرفہ تزویراتی شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اسحاق ڈار اور چینی وزیر اعظم لی کیانگ نے شنگھائی سپرٹ کو علاقائی استحکام کے لئے رہنما قرار دیا۔ طاہر حسین اندرابی نے مزید بتایا کہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور چینی وزیر اعظم نے اہم عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ مزید برآں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے بھی ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دوران ملاقات روسی صدر نے علاقائی اقتصادی تنظیم کو مزید فروغ دینے اور ایس سی او پلیٹ فارم کے تحت تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ ایس سی او علاقائی رابطہ کاری ، استحکام اور باہمی مفادات کے لئے اہمیت کی حامل ہے۔
53











