اسلام آباد (فرنٹ ڈیسک) حکومت نے ملکی معیشت کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنے کا فیصلہ کر لیا، اس حوالے سے وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ٹاسک سونپ دیا۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی معیشت کی ڈیجیٹائزیشن پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا ملکی معیشت کو مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام پر منتقل کیا جائیگا، اس مقصد کیلئے وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو فوری ٹاسک سونپ دیئے۔شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ملکی معیشت کی بہتری و غیر رسمی مساو ی معیشت کا خاتمہ حکومت کے اصلاحات کے ایجنڈے کا کلیدی جزو ہے، اصلاحات کو مربوط اور اداروں کی سطح پر کر رہے ہیں تاکہ تبدیلی پائیدار اور دیر پا ہو، پاکستان کی ترقی کیلئے نظام کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے ان تمام اقدامات کے نفاذ اور نگرانی کیلئے فی الفور ایک ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی ہدایت کی، انہوں نے متعلقہ حکام کو ملکی معیشت کی ڈیجیٹائزیشن کیلئے فی الفور ایک متحرک ورکنگ گروپ قائم کرنے کی ہدایت کر دی۔شہباز شریف نے رمضان پیکیج کی ترسیل کیلئے ڈیجیٹل والٹ کے کامیاب نظام کو سراہا اور اس کو مزید سیکٹرز میں استعمال کرنے کی ہدایات دیں۔اجلاس کو بتایا گیا حال ہی میں وزیراعظم کی ہدایت پر رمضان پیکیج کو مکمل طور پر ڈیجیٹل طریقے سے لوگوں تک پہنچا یا گیا، اجلاس کو معیشت کی ڈیجیٹائزیشن کیلئے جاری اقدامات اور مستقبل کے اقدامات اور تجاویز پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا اسلام آباد میں آئی سی ٹی ایپلی کیشن کا اجرائ کیا گیا ہے جس میں 150 سے زائد حکومتی خدمات میسر ہیں، راست گیٹ وے کے ذریعے ادائیگیوں کے حجم میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جبکہ حکومت سٹیٹ بینک کیساتھ مل کر اس کا روزمرہ کی ٹرانزیکشنز میں استعمال بڑھانے کیلئے اقدامات تیز کر رہی ہے، اجلاس کو حکومت کے 5 نکاتی لائحہ عمل کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں حکومت ڈیجیٹل ادائیگیوں کی وصولی یقینی بنانے، کیش کے مقابلے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی ترغیب دینے کیلئے خریداروں اور کاروباروں کو مختلف سہولیات دینے، حکومتی ادائیگیوں کو مکمل طور پر ڈیجیٹائیز کرنے اور اس حوالے سے آگاہی کیساتھ ساتھ ڈیٹا کی مانیٹرنگ کے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا گیا۔اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا وفاقی حکومت کی تمام تر سرکاری ادائیگیاں بشمول تنخواہ اور دیگر بلنگ ڈیجیٹل نظام کے تحت کی جا رہی ہیں۔اجلاس میں وفاقی وزرائ احد خان چیمہ، علی پرویز ملک، شزا فاطمہ خواجہ، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔بعدازاں اسلام آباد میں جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا اجتماعی کوششوں کے نتیجے میں اللہ تعالیٰ نے معیشت کو استحکام بخشا ہے، انشائ اللہ ہم ترقی و خوشحالی کے سفر پر چل پڑے ہیں۔ اسلام آباد میں توسیع و تزئین کے وسیع و عریض منصوبے جاری ہیں، ٹریفک کے بہاو¿ میں بہتری آچکی ہے۔انہوں نے کہا محسن نقوی نے یہ منصوبہ 60 دن کے بجائے 35 دن میں مکمل کرنے کا ا علا ن کیا ہے، مجھے ان کی بات پر پورا یقین ہے ماضی میں اس قسم کے اعلانات کو انہوں نے عملی جامہ پہنایا ہے، یہ شہباز سپیڈ ہے اور نہ محسن نقوی سپیڈ بلکہ یہ پاکستان سپیڈ ہے،اسلا م آباد خوبصورتی کا گہوارہ بنے گا، اجتماعی کاوشوں سے معیشت میں استحکام آیا، اجتماعی کاوشوں سے پاکستان کا نام بلند ہوگا، بہترین کاوشوں کے نتیجے میں پاکستان کی عالمی سطح پر درجہ بندی میں بہتری آئی، بلوچستان کے عوا م کو تحفہ دیا ہے، بلوچستان کا ٹریک 2 ہزار کے قریب جانیں نگل چکا ہے، بلوچستان کے خونی ٹریک کو ہائی وے بنانے جا رہے ہیں، این ایف سی میں بلوچستان کا کوٹہ ڈبل کر دیا گیا ہے، بلوچستان میں فاصلے زیادہ ہیں، بلوچستان کے عوام کو ایسا منصوبہ چاہیے تھا جو تمام اقوام کے دل کی آواز ہو۔شہباز شریف نے کہا پاکستان کی تکمیل تمام اکائیوں سے ہوتی ہے، تمام صوبوں کو ساتھ لیکر چلنا حکومت اور مسلح افواج کا وڑن ہے، منصوبے کو اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کرینگے، 2 سال میں 3 سو ارب سے زائد کے تخمینے سے شاہراہ تعمیر ہوگی۔ وز یر اعظم نے مزیدکہاجس طرح بھرپور قوت، اعتماد اور قوت ارادی کیساتھ ٹیم پاکستان نے مشکلات کا سامنا کیا، ترقی کا سفر بھی ہم اسی طرح طے کرینگے۔دریں اثنائ وزیر اعظم شہباز شر یف سے برطانیہ کے پارلیمانی انڈر سیکرٹری برائے مذاہب، کمیونٹیز اور آبادکاری لارڈ واجد خان نے ملاقات کی۔وزیراعظم نے لارڈ واجد خان کا پاکستان میں خیرمقدم کیا اور اوور سیز پاکستانیز کنونشن میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے تعاون کو سراہا، کنگ چارلس سوم کیساتھ ساتھ برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کیلئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے پاکستان برطانیہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور عوامی تبادلوں و دیگر شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔شہباز شریف نے پاکستان اور برطانیہ تعلقات کو فروغ دینے اور تعاون کی نئی را ہیں تلاش کرنے میں لارڈ خان کی کوششوں کو سراہا۔ملاقات میں لارڈ واجد خا ن نے وزیراعظم کو اپنی حالیہ سرگرمیوں اور اقدامات سے آگاہ کیا۔بعدازاں اپنی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے بارے میں ہونیوالے جائزہ اجلاس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کیلئے حکومتی اور بین الاقوامی شراکت داروں کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں،انہوں نے کہا انسدادِ پولیو مہم ورکرز مشکل حالات کے باوجود اس خطر ناک مرض کیخلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کر ر ہے ہیں۔انہوں نے پولیو کیساتھ ساتھ دیگر موذی امراض کیخلاف مدافعت کیلئے ویکسی نیشن کی ملک گیر فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا انسدادِ پولیو کیلئے نچلی سطح تک آگاہی اور کمیونٹی موبالائزیشن یقینی بنائی جائے۔
