لاہور (فرنٹ ڈیسک) قطر پر اسرائیلی حملے پر اگر اب بھی عرب ممالک اکٹھے نہ ہوئے تو پھر سب کی باری آئے گی۔ اسرائیل باولا ہو گیا ہے اور وہ مشرق وسطی کے امن کو نگلنا چاہتا ہے۔ امریکہ نے مشرق وسطی میں اسرائیل نامی غنڈا پالا ہوا ہے جو جس کو چاہتا ہے مار دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار عسکری و خارجہ امور کے ماہرین نے نیوز فورم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ یوکرین میں پاکستان کے سابق سفیر جنرل (ر) زاہد منشر شیخ نے کہا کہ امریکہ نے مشرق وسطی میں ایک غنڈا پالا ہوا ہے ، یو این اس کی بدمعاشی پر شور مچارہا ہے، پوری دنیا اس کی بدمعاشی پر شور مچارہی ہے لیکن یہ پھر بھی مظلوم مسلمانوں کو مارتا جارہا ہے۔ ٹرمپ اپنی ضد پر اڑا ہوا ہے کہ حماس اس کی شرائط پر مذاکرات کرے اور وہ غیر مسلح ہو جائے۔ اب قطر پر اسرائیل نے حملہ کر دیا ہے جب تک تمام مسلم ممالک نہیں جاگیں گے اسرائیل کو نہیں روکا جاسکتا۔ معروف تجزیہ کار عبداللہ گل نے کہا کہ اسرائیل باولا ہو گیا ہے، وہ خطے کے امن کو نگلنا چاہتا ہے۔ قطر میں امریکہ کا سب سے بڑا فوجی اڈا موجود ہے، امریکہ اس حملہ پر خاموش ہے، مطلب یہ حملہ اس کی رضا مندی سے ہوا ہے۔ اسلامی دنیا کے ایک ایک ملک کو اسرائیل باری باری نشانہ بنا رہا ہے۔ حماس کی اس میٹنگ میں اہم ترین لوگ موجود تھے ان کے رہنماو¿ں کو شہید کر دیا گیا ہے۔ امریکہ کو اطلاع کر کے یہ حملہ کیا گیا۔ امریکہ نے اسرائیل کی اس حملہ میں مدد کی ہے۔ قطر کو بھی یو این آرٹیکل 51 کے تحت دفاع کا حق حاصل ہے، اب ایسا لگ رہا ہے کہ یہ معاملہ نہیں رکے گا بلکہ مزید آگے بڑھے گا۔ معروف تجزیہ کار حسن عسکری نے کہا کہ اسرائیل امریکی مدد سے مشرق وسطی پر حملے کر رہا ہے۔ عرب ممالک کو سمجھ نہیں آرہی کہ اگر یہ اب بھی ساتھ نا ملے تو پھر اسرائیل ایک ایک کر کے سب کو نشانہ بنائے گا۔ عرب ممالک کو ایک ساتھ مل کر ٹھوس پالیسی اور اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، ورنہ اسرائیل ایک ایک کر کے سب عرب ممالک کو خراب کرے گا۔ قطر مسائل کے حل کیلئے کوشاں تھا لیکن اسرائیل نے وہاں بھی حملہ کر دیا ، اس سے قبل شام، لبنان ، یمن ، غزہ سب پر اسرائیل حملہ کر چکا ہے، اب عرب ممالک کو تیار رہنا ہو گا کہ اسرائیل کسی بھی وقت کسی بھی ملک پر حملہ کر سکتا ہے۔ اگر تمام امت مسلمہ نے اکٹھے ہو کر اسٹینڈ نالیا تو اسرائیل کو کامیابیاں ملتی جائیں گی۔
