618

آصف زرداری نے تحریک انصاف کی حکومت گرانے کا اعلان کردیا

اسلام آباد: آصف زرداری نے تحریک انصاف کی حکومت گرانے کا اعلان کردیا، پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین کا کہنا ہے کہ کوشش تھی کہ اس حکومت کو وقت دیا جائے، لیکن اب ایسا ممکن نہیں رہا، موجودہ حکومت کو مزید وقت نہیں دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین اور سابق صدر مملکت آصف زرداری نے تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کیخلاف طبل جنگ بجا دیا ہے۔
آصف زرداری نے قومی اسمبلی میں ان ہاوس تبدیلی کا عندیہ دیا ہے۔ آصف زرداری کا کہنا ہے کہ کوشش تھی کہ اس حکومت کو وقت دیا جائے، لیکن اب ایسا ممکن نہیں رہا، موجودہ حکومت کو مزید وقت نہیں دیں گے۔ آصف زرداری کا یہ بیان اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی گرفتاری کے بعد سامنے آیا۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین سابق صدر آصف علی زرداری نے واضح کیا ہے کہ بھارت نے کچھ بھی جارحانہ قدم اٹھایا تو پوری قوم ایک ساتھ فوجی جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی، تحریک انصاف کی حکومت کے بعد پاکستان دنیا میں مزید تنہا ہوچکا ہے،بھارت کا ڈٹ کر مقابہلہ کرینگے۔
آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ جب وہ صدر تھے تب بھی پلوامہ جیسا واقعہ ہوا تھا اور ہم نے دنیا کو اپنے ساتھ رکھ کر ممبئی حملے جیسے واقعے کا سامنا کیا اور سفارتی سطح پر اسے ہینڈل کیا۔انہوں نے موجودہ حکومت نابالغ قرار دیا اور کہا کہ موجودہ حالات میں نابالغ حکومت کو سمجھ نہیں آرہی کہ کرنا کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت نے کچھ بھی جارحانہ قدم اٹھایا تو پیپلزپارٹی کے کارکن، عوام فوجی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور بھارت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
بھارت کی جانب سے پاکستان دنیا میں تنہا کرنے کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کئی سالوں سے دنیا میں تنہا ہوچکا ہے اور تحریک انصاف کی حکومت کے بعد پاکستان دنیا میں مزید تنہا ہوچکا ہے۔کشمیر کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اپنے دور میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہم پر حملے کی جرات نہیں کرسکتا، اگر کیا تو منہ توڑ جواب دیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں