استعفیٰ دوں گا اور نہ این آر او، عمران خان 399

استعفیٰ دوں گا اور نہ این آر او، عمران خان

اسلام آباد (پاکستان ٹائمز) وزیر اعظم عمران خان نے اپنی پارٹی رہنماﺅں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کے جعلی بیانیہ کی حقیقت سامنے آچکی ہے۔ ہمیں جلسہ جلوسوں کے ذریعہ بلیک میل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور دوسری جانب ہزاروں لوگوں کی زندگیوں کو خطرہ میں ڈال دیا گیا ہے۔ ملک میں کورونا کے کیسز بڑھنے کی وجہ اپوزیشن ہے اور پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں اس کی ذمہ دار ہیں۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔ وزیر اعظم نے اپنی پارٹی رہنماﺅں کو متحرک ہونے کی ہدایت کی اور کہا کہ اپوزیشن کو ہر فورم پر جواب دیں۔ عمران خان کو بتایا گیا کہ لاہوریوں نے اپوزیشن کی تحریک کو مسترد کردیا ہے۔ پارٹی رہنماﺅں کا یہ بھی کہنا تھا اپوزیشن استعفیٰ دینے کے معاملہ میں کنفیوژن کا شکار ہے اور لاہور میں ہونے والے ناکام جلسہ نے بھی پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کی ہوا نکال دی ہے۔ حکومت کا موقف تھا کہ گلگت بلتستان میں الیکشن میں ناکامی کے بعد اپوزیشن کی آنکھیں کھل جانا چاہئے تھیں مگر اپوزیشن غلط فہمی میں مبتلا ہے۔ پارٹی رہنماﺅں کا یہ بھی کہنا تھا کہ اپوزیشن کا وزیر اعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ بے بنیاد ہے۔ اپوزیشن سے بات چیت ہو سکتی ہے مگر جب بات چیت کا عندیہ دیا جائے تو وہ این آر او مانگنے لگتے ہیں جس کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ مصدقہ اطلاعات یہ بھی ہیں کہ حکومت فروری میں سینیٹ الیکشن کرادے یا پھر صدارتی نظام لا کر فوجی عدالتیں قائم کردے۔ قصہ مختصر یہ کہ حکومت نے اپوزیشن کے آگے گٹھنے ٹیکنے سے انکار کردیا ہے جس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ فوج اور حکومت متفقہ طور پر آگے بڑھ رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں