654

برطانیہ کا پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈالنے پر امریکہ کا ساتھ دینے کا فیصلہ، لارڈ نذیر احمد نے بورس جانسن کو خط لکھ دیا

لندن: برطانیہ پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈالنے کے معاملے میں امریکہ کا ساتھ دینے کے فیصلے پر قائم ہے۔ امریکہ کی طرف سے پاکستان کو دہشتگردی کی واچ لسٹ میں ڈالنے کی سفارش کے بعد برطانیہ نے امریکی فیصلے کی تائید کی، بعد ازاں فرانس اور جرمنی سمیت یورپ کے دیگر ممالک بھی اس میں شامل ہو گئے۔
منی لانڈرنگ پر نظر رکھنے والے عالمی ادارے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (FATF) کی میٹنگ 18 سے 23 فروری تک پیرس میں ہو گی جس میں 37ممبر ممالک شریک ہوں گے۔ اس اجلاس میں پاکستان کی طرف سے دہشتگردی کے تدارک کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ ممبر ممالک میں سے چین ، روس اور ترکی پاکستان کے دہشتگردی کے خلاف کئے گئے اقدامات سے مطمئن ہیں۔ خیال رہے کہ اگر پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈال دیا گیا تو پاکستان کیلئے بیرونی قرضے حاصل کرنا دشوار ہو جائے گا۔
برطانیہ کی طرف سے پاکستان کے خلاف امریکی سفارشات کی حمایت پر اوور سیز کمیونٹی میں بھی خاصی بے چینی پیدا ہوئی ہے۔ دارالامراءکے رکن لارڈ نذیر احمد نے برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن کو خط لکھا ہے ، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ برطانیہ اپنی خارجہ پالیسی اصولوں کی بنیاد پر بناتا ہے اور ہم اس بات سے آگاہ ہیں کہ پاکستان نے FATF کی سفارشات پر عمل کرتے ہوے دہشتگردی کی فنڈنگ کے خاتمے کیلئے خاطر خواہ اقدامات کئے ہیں۔
لارڈ نذیر احمد نے لکھا ہے کہ برطانیہ کی طرف سے پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈالنے کی حمایت سے دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات پر گہرا اثر پڑے گا اور جنوبی ایشیا میں بھارت اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کا توازن بھی متاثر ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں