بیجنگ سرمائی اولمپکس 2022 کی تیاریاں بھرپور انداز میں جاری 831

بیجنگ سرمائی اولمپکس 2022 کی تیاریاں بھرپور انداز میں جاری

بیجنگ: 19 جنوری کو چینی رہنما شی جن پھنگ بذریعہ ٹرین صوبہ حہ بئی کے چانگ جیا کو شہر پہنچے۔ انہوں نے بیجنگ چانگ جیاکو ہائی اسپیڈ ریلوے اسٹیشن سمیت نیشنل اسکی جمپنگ سینٹر اور کھیلوں کے دیگر مقامات کا جائزہ لیا اور کھلاڑیوں سے گفتگو بھی کی۔

شی جن پھنگ نے کہا کہ ہمیں کھیلوں کو فروغ دینے کےلیے جدت طرازی اور سائنس و ٹیکنالوجی پر انحصار کرنا چاہیے۔ انہوں نے جدید سائنس و ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ جدید تربیتی معیارات اپنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

بیجنگ اور چانگ جیا کو کے درمیان ریلوے ٹریک کی تکمیل کے بعد، بیجنگ سے تھائی زی چھینگ میں واقع سرمائی اولمپک گیمز کے مرکزی اسٹیڈیم تک صرف ایک گھنٹے میں پہنچا جاسکتا ہے۔
24ویں سرمائی اولمپک گیمز 2022 میں 4 فروری سے 20 فروری تک چین کے شہروں بیجنگ اور چانگ جیا کو میں منعقد ہوں گے۔

چین میں پہلی مرتبہ سرمائی اولمپکس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ بیجنگ سرمائی اولمپکس نہ صرف چین اور دنیا کے مشترکہ مفاد میں ہیں بلکہ کھیلوں سمیت اقتصادی و سماجی ترقی میں ہم آہنگی کےلیے بھی اس ایونٹ کی اہمیت ہے۔

صدر شی جن پھنگ نے 2022 سرمائی اولمپکس کے انعقاد کو بیجنگ، تھیان جن اور صوبہ حہ بئی کے درمیان ہم آہنگ ترقی سے متعلق حکمت عملی پر عمل درآمد کےلیے بھی اہم اقدام قرار دیا۔

انہوں نے پر زور الفاظ میں کہا کہ نقل و حمل، ماحولیات اور صنعت سمیت دیگر شعبوں میں مربوط ترقی کو مضبوط بنانا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں