675

ترک فضائیہ کی شام کے علاقے عفرین پر بمباری، 36 شامی اہلکار ہلاک

انقرہ: شام کے علاقے عفرین پر ترکی کے فضائی حملوں میں شامی فوج کے 36 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
میڈیاکے مطابق شام کے شمال مغربی علاقے عفرین میں ترک فضائیہ کی بمباری کے نتیجے میں شامی صدر بشارالاسد حکومت کے 36 وفادار جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔ ترک حکومت کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے جنگجو عفرین میں کرد ملیشیا کی مدد کے لیے موجود تھے اور ترک فوج کے خلاف جنگ میں مصروف تھے۔
برطانیہ میں قائم شامی رصد گاہ برائے انسانی حقوق نے ترک فوج کی فضائی بمباری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عفرین کے علاقے کفر جنہ میں ترک طیاروں نے بشارالاسد کی وفادار فوج کو فضائی بمباری میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کم سے کم 38 ہلاکتیں ہوئی ہیں اور یہ اس علاقے پر گذشتہ 48 گھنٹے میں ترکی کا تیسرا فضائی حملہ ہے۔
واضح رہے ترکی میں مسلح جدو جہد آزادی کرنے والی کرد ملیشیا کو شام کی حکومت کی جانب سے مدد فراہم کرنے کے شواہد ملنے کے بعد ترک صدر طیب اردغان نے جوابی کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے اس علاقے میں ’شاخ زیتون‘ کے نام سے آپریشن کا آغاز کیا تھا جس کے بعد سے دو دن میں عفرین پر کیا گیا یہ تیسرا فضائی حملہ تھا، گزشتہ روز بھی ترک فوجی اور کرد ملیشیا کے درمیان جھڑپ میں 8 ترک فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں