717

تقریب رونمائی ؛ شعیب ملک کے چٹکلوں پرقہقہے گونج اٹھے

لاہور: پی ایس ایل تھری کیلیے ٹرافی کی تقریب رونمائی میں شعیب ملک کے چٹکلوں پر ہال میں قہقہے گونج اٹھے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل تھری کیلیے ٹرافی کی تقریب رونمائی میں شرکاء بڑے خوشگوار موڈ میں نظر آئے، شعیب ملک نے چٹکلے چھوڑے تو کانفرنس ہال میں قہقہے گونج اٹھے۔ انھوں نے کہا کہ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی پاکستانیوں میں اتنے مقبول ہیں کہ انھیں پٹھان کہا جاتا ہے، رنگت کا ذکر کیے بغیر محض اشارے سے انھوں نے کہا کہ ایسا پٹھان کبھی نہیں دیکھا، چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کپتانوں کے ساتھ کراچی کنگز کے صدر شاہد آفریدی کو بھی اسٹیج پر آنے کی دعوت دی۔
انھوں نے کہا کہ آل رائونڈر کی پاکستان کرکٹ کیلیے گراں قدر خدمات ہیں، آپ یہاں اسٹیج پر آکر بیٹھیں، بعد ازاں انھوں نے از راہ تفنن کہا کہ آفریدی بہت سیدھے سادھے انسان ہیں، ان کے ساتھ زبردستی پیار کرنا ہی پڑتا ہے، اس بات پر سابق قومی کپتان سمیت ہال میں موجود تمام افراد مسکرا دیے۔ کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم کے سپرد کیے جانے پر نجم سیٹھی نے کہا کہ نوجوان آل رائونڈر بہت باصلاحیت ہیں اور اچھا پرفارم کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں