621

جب تک کوچ ہوں کپتان سرفراز ہی رہے گا، مکی آرتھر

دبئی: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بھی سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھنے کی حمایت کردی اور کہا ہے کہ جب تک کوچ ہوں قیادت سرفراز کے پاس ہی رہے گی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے کراچی کنگز کی شکست کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایک سوال پر مکی آرتھر نے کہا کہ عماد وسیم مستقبل میں اچھے کپتان ثابت ہوسکتے ہیں لیکن فی الحال سرفراز احمد ہی تینوں فارمیٹ میں قیادت کررہے ہیں، جب تک میں پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کررہا ہوں سرفراز احمد ہی کپتان ہوں گے۔
پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی کوچنگ کرنے والے مکی آرتھر نے کہا کہ اس ایونٹ کے بعد ہمارے سامنے کئی چیلنجز ہیں، ویسٹ انڈیز کے خلاف لاہور میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنی ہے، ہم ان چیلنجز کے لیے تیار ہیں، ورلڈ کپ کے لیے 20 کھلاڑی ہماری نظر میں ہیں ان میں سے 15 منتخب کیے جائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ کوئٹہ کے خلاف میچ میں بیٹنگ لائن بڑے اسکور کے دبائو میں آگئی، ابتدا میں ہی تسلسل سے وکٹیں گنوانے کے بعد کم بیک آسان نہیں اور رن ریٹ بڑھانا ضروری ہوتا ہے لیکن اس کے لیے اسٹروکس کا انتخاب بھی درست ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایونٹ کی ابتدا میں شاندار کارکردگی دکھانے کے بعد شکست مایوس کن ہے، اگلے میچ کے لیے خود کو ذہنی اور جسمانی طور پر تیار رکھنا ہوگا۔
خیال رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسٹار پلیئر کیون پیٹرسن نے تجویز پیش کی تھی کہ بہتر کمبی نیشن بنانے کے لیے سرفراز احمد کو ورلڈ کپ 2019ءتک پاکستانی کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا جائے۔ بعد ازاں چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بھی کہا تھا کہ ایک سال تک کپتان اور بیشتر کھلاڑی وہی ہونے چاہئیں جنھیں میگا ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنی ہے اور اب ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے اس موقف کی تصدیق کردی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں