ریاض: سعودی عرب نے غیر ملکی سائنس دانوں اور ماہرین صحت کو مفت ویزے جاری کرنے کا اعلان کردیا ہے جس کا مقصد ملک میں جدید تحقیق کی فروغ اور صحت سے متعلق جدید سہولیات سے شہریوں کو مستفید کرنا ہے۔
میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے سیکرٹری جنرل سعودی ہیلتھ کونسل احمد العامری نے سعودی حکومت کے اس فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ دنیا بھر کے بہترین ذہنوں کو سعودی عرب میں لانے کے لیے گزشتہ ہفتے ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں سائنس دانوں اور صحت کے شعبے کے ماہرین کے لیے ” مفت ویزے “ کی پالیسی مرتب کرنے کی منظوری دی گئی جس کا آج باضابطہ اعلان کیا جارہا ہے۔
احمد العامری نے کہا کہ ولی عہد محمد بن سلمان کے وڑن 2023 کے تحت جدید اور ترقی پسند سعودی عرب کے حصول کے لیے سائنس دانوں اور مختلف شعبوں میں ریسرچ کرنے والے محققین کے ساتھ ساتھ ماہرین صحت کو بھی مفت ویزے جاری کیے جائیں گے اور ان ماہرین کے مشوروں سے تحقیق گاہیں، جامعات اور اسپتال کے قیام کا بھی عمل میں لایا جائے گا تاکہ ترقی یافتہ اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، معاشی طور پر خود مختار سعودی عرب کا خواب پورا ہوسکے۔
مفت ویزے کی سہولت سے مختلف شعبوں میں بہترین ریکارڈ کے حامل سائنس دان اور ماہرینِ صحت استفادہ کرسکیں گے، حکومت کے اس اقدام سے دنیا بھر کے ماہرین سعودی عرب میں شعبہ صحت میں کام کے لیے راغب ہوں گے، جس سے صحت کےشعبے کی کارکردگی مزید بہتر ہوگی اور مقامی افراد کو اعلیٰ تعلیم کے لیے بیرون ملک جانے کے بجائے اپنے ہی ملک میں بہترین جامعات اور ریسرچ سینٹرز میسر ہوں گے۔
666