495

سعودی عرب کے بعد اب ایرانی خواتین کے لیے بھی فٹبال سٹیڈیم کے دروازے کھولنے کا فیصلہ

تہران: سعودی عرب کے بعد اب ایرانی خواتین کے لیے بھی فٹبال سٹیڈیم کے دروازے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر جلد عمل درآمد کیا جائے گا۔
فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے صدرجیانی انفانٹینو کا کہنا ہے کہ ایران نے خواتین پر فٹ بال سٹیڈیم جانے کی پابندی ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور تہران نے وعدہ کیا ہے کہ وہ بہت جلد خواتین کو فٹبال اسٹیڈیم تک رسائی دیں گے۔
تہران میں ایرانی صدر حسن روحانی اور دیگر حکام سے ملاقات کے بعد فیفا کے صدر نے بتایا کہ صدر حسن روحانی نے کہا کہ ملک میں خواتین کے لیے فٹبال سٹیڈیم کے دروازے اب زیادہ دیر تک بند نہیں رہیں گے تاہم ایرانی صدر نےاس متعلق کوئی ٹائم فریم نہیں دیا۔خیال رہے کہ جمعرات کے روز ایران میں مردوں کا فٹبال میچ دیکھنے کے لیے سٹیڈیم میں داخل ہونے کی کوشش میں 35 خواتین کو حراست میں لے لیا گیا تھا جس پر انسانی حقوق کے اداروں کی جانب سے ایران کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
ایران میں اسلامی انقلاب کے چند برس بعد سے خواتین کے سٹیڈیم میں بیٹھ کر مردوں کے میچ دیکھنے پر پابندی عائد ہے۔ علاوہ ازیں مردوں کے کھیلوں کی تقریبات میں بھی خواتین کا داخلہ ممنوع ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ہی سعودی عرب نے خواتین پر مردوں کے فٹبال میچ دیکھنے پر پابندی ختم کرتے ہوئے خواتین کے لیے سٹیڈیم کے دروازے کھول دیے تھے جس کے بعد خواتین کی بڑی تعداد فٹبال میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں موجود تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں