581

قومی اسمبلی کااجلاس کل ہوگا، نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے

اسلام آباد: پندرہویں قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس کل صبح 10 بجے پارلیمنٹ ہا¶س میں ہوگا جس میں نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے۔
ذرائع کے مطابق پندرہویں قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس کل صبح 10 بجے ہوگا جس کی صدارت اسپیکر ایاز صادق کریں گے اور نومنتخب ارکان قومی اسمبلی سے حلف لیں گے۔
اسپیکر کا انتخاب 15 اگست کو ہوگا اور اسی روز نو منتخب اسپیکر قومی اسمبلی کے ایوان کی کارروائی سنبھال کر ڈپٹی اسپیکر کا الیکشن کروائیں گے، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوگا۔
قومی اسمبلی کا اہم سیشن 17 اگست کو ہوگا جس پر پوری قوم کی نظریں جمی ہوئی ہیں، 17 اگست کے اجلاس میں نئے قائد ایوان یعنی ملک کے نئے وزیراعظم کا انتخاب ہوگا، وزیراعظم کا انتخاب تقسیم کے عمل کے ذریعے ہوگا جس سے صاف نظر آئے گا کہ کس رکن نے وزیر اعظم کے منصب کے لیے کس امیدوار کو ووٹ دیا ہے جب کہ وزیر اعظم کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں 18 اگست کو سجے گی۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے نو منتخب ارکان کے حلف اور اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر سمیت وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں، نومنتخب ارکان کو اجلاس میں شر کت اور حلف برداری کے لیے قومی اسمبلی سے کارڈ جاری کیے جارہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں