اسلام آباد: ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کے بعد اسکواش کے میدان میں بھی پاکستان کیلیے اچھی خبر سامنے آئی ہے، پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن نے کراچی اور لاہور میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلیے رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔
رضامندی کے بعد کے بعد اسلام آباد کے بعد کراچی اور لاہور کو انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹس کی میزبانی ملنے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سینئر نائب صدر ایئر مارشل شاہد اختر علوی نے پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو ایلکس گاف کو گذشتہ ماہ خط لکھا تھا جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ اسلام آباد میں انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹس کے متعدد بار کامیاب انعقاد کے بعد اب پی ایس اے کراچی اورلاہور میں بھی انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹس کے انعقاد کی اجازت دے، وہ اس حوالے سے اپنا سروے بھی مکمل کر لے تاکہ پاکستان اسکواش فیڈریشن کراچی اور لاہور جیسے بڑے سینٹرز پر انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹس منعقد کرا سکے۔
جواب میں پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن نے کراچی اور لاہور میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے رضامندی ظاہر کرتے ہوئے سروے کے لیے اسپورٹس رسک کے نمائندوں کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت اسپورٹس رسک 10 اور 11 مارچ کو کراچی میں انتظامات کاجائزہ لے گی جہاں اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان انٹرنیشنل ایونٹس کی میزبانی کے حوالے سے بریفنگ دیں گے۔
12مارچ کو لاہورمیں انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس ضمن میں رابطہ کرنے پر پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سیکریٹری ونگ کمانڈر طاہر سلطان نے تصدیق کی کہ پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن نے کراچی اور لاہور میں انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹس کے انعقاد کے لیے سروے پر آمادگی ظاہر کی ہے، فیڈریشن کو امید ہے کہ اسلام آباد کے بعد جلد کراچی اور لاہور انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹس کی میزبانی کرے گا۔
613