پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے خوش خبری سنادی کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کراچی میں ہوگی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے دبئی میں پریس کانفرنس کی، جس میں اعلان کیا کہ ویسٹ انڈین ٹیم سیریز کھیلنے کراچی آرہی ہے۔
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بھی انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھل گئے، ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ سے معاہدہ ہو گیا، مہمان ٹیم تین میچز کی سیریز اگلے ماہ کراچی میں کھیلے گی۔
پی سی بی چیئرمین کے مطابق یکم اپریل، 2 اپریل اور 4 اپریل کو میچز کی میزبانی کراچی کرے گا، ا نہوں نے مزید کہا کہ تین ملکی سیریز کے لیے بھی ویسٹ انڈیز سے بات چیت ہوئی ہے۔
نجم سیٹھی کا یہ کہنا ہے کہ جلد از جلد پوری پی ایس ایل پاکستان میں لے آئیں گے، انہوں نے واضح کیا کہ جلد از جلد کا مطلب ایک یا دو سال میں ایسا ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور اور ملتان کے اسٹیڈیم تو تیار ہیں مگر کراچی اور پنڈی کے اسٹیڈیم بھی اگلے سال تک مکمل تیار ہو جائیں گے۔
675